پاکستانی قیادت سے وزیرداخلہ کی ملاقات نہیں ہوگی

نئی دہلی 30 جولائی (سیاست ڈاٹ کام) وزارت خارجہ نے آج یہ وضاحت کردی ہے کہ وزیر خارجہ راجناتھ سنگھ اور پاکستانی لیڈروں کے درمیان کوئی ملاقات نہیں ہوگی جب وہ 4 اگسٹ کو سارک وزراء کانفرنس میں شرکت کے لئے اسلام آباد کا دورہ کریں گے۔ وزارت خارجہ کے ترجمان وکاس سروپ نے اپنے ٹوئٹر پر بتایا کہ میں یہ واضح کردینا چاہتا ہوں کہ گوکہ وزیرداخلہ سارک کانفرنس میں شرکت کے لئے جارہے ہیں لیکن پاکستان کے ساتھ کوئی باہمی بات چیت نہیں ہوگی۔ ترجمان کا یہ ریمارک ایسے وقت سامنے آیا ہے جب وزارت داخلہ کے باوثوق ذرائع (نام مخفی رکھا گیا ہے) سے میڈیا میں یہ رپورٹ آئی ہے کہ راجناتھ سنگھ اپنے پاکستانی ہم منصب چودھری نثار علی خان اور وزیراعظم نواز شریف سے باہم تبادلہ خیال کریں گے لیکن وزارت خارجہ نے آج یہ متضاد بیان دیا ہے۔ سوروپ نے کل بھی یہ واضح کیا تھا کہ وزیرداخلہ کا دورہ اسلام آباد صرف سارک کانفرنس تک محدود رہے گا اور پاکستانی قیادت سے کوئی باہم ملاقات نہیں ہوگی۔