پاکستانی فوج کے ہاتھوں 5 عسکریت پسند ہلاک

پشاور۔ 9؍نومبر (سیاست ڈاٹ کام)۔ پاکستانی فوج نے آج کم از کم 5 عسکریت پسندوں کو ملک کے شمالی مغربی شورش زدہ علاقہ خیبر میں ہلاک کردیا۔ فوج نے اس علاقہ میں بڑے پیمانے پر طالبان کے خلاف جارحانہ کارروائی شروع کر رکھی ہے۔ فوج نے آکاخیل کے علاقہ میں جو صوبہ خیبر پختونخواہ کی تحصیل باڑہ میں واقع ہے، کم از کم 5 باغیوں کو ہلاک اور دیگر 6 کو زخمی کردیا۔ روزنامہ ڈان کی خبر کے بموجب یہ حملہ اس ضلع میں گزشتہ ماہ سے فوج کی لشکر اسلام کے وادیٔ تراہ اور باڑہ تحصیل میں خفیہ ٹھکانوں پر شروع کی ہوئی فوجی کارروائی خیبر۔1 کا ایک حصہ ہے۔ کئی خاندان عسکریت پسند گروپس کے خلاف جارحانہ کارروائی میں شدت پیدا ہونے کے بعد اس علاقہ سے نقل مقام کرچکے ہیں۔ خیبر پاکستان کے ان 7 نیم خود مختار قبائیلی اضلاع میں سے ایک ہے جو افغانستان کی سرحد سے متصل ہیں۔ یہاں دیسی شورش پسند اور غیر ملکی عسکریت پسند کثیر تعداد میں موجود ہیں۔ یہاں پر مذہبی انتہا پسند تنظیمیں بشمول القاعدہ بھی قائم ہیں۔ باڑہ تحصیل عسکریت پسند گروپس کے لئے نمایاں دفاعی اہمیت رکھتی ہے، کیونکہ یہ پشاور کے مضافات میں واقع ہے اور افغانستان میں تعینات ناٹو کو رسد کی سربراہی کے راستہ پر واقع ہے۔