پاکستانی فوج کا ہندوستانی چوکیوں کی تباہی کا ویڈیو

اسلام آباد ۔ 4جون ( سیاست ڈاٹ کام) پاکستانی فوج نے آج ایک ویڈیو فلم جاری کی جس میں بتایا گیا ہے کہ ہندوستانی فوجی چوکیوں پر خطہ قبضہ کے پار حملہ کر کے انہیں تباہ کردیا گیا ۔ یہ گذشتہ دو ہفتوں کے درمیان دوسرا ایسا ویڈیو ہے ۔ 27سیکنڈ کا یہ ویڈیو فلم ہندوستانی فوجیوں کی ہلاکت کا دعویٰ کرنے والے ویڈیو کے بعد جاری کیا گیا ہے ۔ قبل ازیں پاکستان نے ہندوستان پر الزام عائدکیا تھا کہ اس نے خطہ قبضہ کے پاس ٹٹاپانی سیکٹر میں بلااشتعال جنگ بندی کی خلاف ورزی کی تھی ۔ یہ ویڈیو فلم پاکستانی فوج کے ترجمان میجر جنرل آصف غفور نے کل رات کے آخری پہر میں ٹوئیٹر پر شائع کیا ہے ۔ جھلکیوں میں خطہ قبضہ پر قائم ہندوستانی چوکیوں کی پاکستانی فوج کے ہاتھوں تباہی کا منظر دکھایا گیا ہے۔