پاکستانی فوجی وقار کے تحفظ کیلئے راحیل شریف کا عہد

اسلام آباد 7 اپریل (سیاست ڈاٹ کام) پاکستانی فوج پر ’’غیر ضروری تنقید‘‘ پر غیر معمولی سخت رد عمل ظاہر کرتے ہوئے سربراہ فوج جنرل راحیل شریف نے آج کہا کہ فوج اپنے تمام شعبوں کی تقدیس سربلند رکھے گی۔انہوں نے عہد کیا کہ فوج کے وقار اور فخر کا ہر قیمت پر تحفظ کریں گے ۔ سابق فوجی صدر پاکستان پرویز مشرف پر غداری کے مقدمہ کے پس منظر میں ان کا یہ بیان اہمیت رکھتا ہے۔ جنرل شریف جنہوں نے اب تک برسر عام سخت لب و لہجہ کا بیان دینے سے گریز کیا تھا خصوصی خدمات گروپ (ایس ایس جی) کے فوجی اڈہ غازی کا جو تربیلہ میں ہے دورہ کرنے کے بعد بیان دے رہے تھے اتفاق سے پرویز مشرف بھی اسی گروپ سے تعلق رکھتے تھے۔ وہاں کے عہدیداروں اور فوجیوں سے تبادلہ خیال کے دوران جنرل شریف نے کہا کہ پاکستانی فوج کبھی بھی قربانیاں دینے سے پیچھے نہیں ہٹی اور نہ پیچھے ہٹے گی۔ ملک کے تحفظ اور دفاع کیلئے فوج نے ناقابل فراموش حیرت انگیز کارنامے انجام دیئے ہیں۔ فوج قومی تائید سے تقویت حاصل کرتی ہے اور اس کی خصوصیت سب کے ساتھ تعاون اور مفاہمت ہے پاکستانی فوج نے قومی صیانت اور تعمیر قوم میں اپنا زبردست حصہ ادا کیا ہے اور ادا کرتی رہے گی۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان کو کئی اندرون و بیرونی چیلنجوں کا سامنا ہے ۔ فوج اپنے تمام اداروں کی تقدیس کو سربلند رکھے گی اپنے وقار اور اپنے شعبوں کے فخر کا ہر قیمت پر تحفظ کرے گی۔
انہوں نے کہا کہ جنرل شریف فوجیوں کے ان اندیشوں کا ازالہ کررہے تھے کہ فوج اپنے اداروں پر غیر ضروری تنقید کو خاموشی سے برداشت کرے گی۔