پاکستانی فضائیہ کے طیاروں کی سیالکوٹ سرحد پر طلایہ گردی

پاکستان میں جنگ کی دہشت ، سیالکوٹ کے چند اہداف پرہندوستانی بم حملوں کی افواہ

اسلام آباد ۔ /22 فبروری (سیاست ڈاٹ کام) پلوامہ دہشت گرد حملہ کے بعد ہند ۔ پاک کشیدگی میں اضافہ کے پیش نظر سماجی ذرائع ابلاغ پر ’’جنگ کی دہشت‘‘ کا غلبہ ہوگیا ہے ۔ پاکستان میں کل اس وقت دہشت پھیل گئی جبکہ ایک زبردست دھماکہ سنائی دیا ۔ یہ دھماکہ آواز سے زیادہ تیز رفتار اجرام فلکی یا طیاروں کی صدمہ انگیز لہر کی وجہ سے ہوسکتا ہے ۔ چند پاکستانیوں نے خیال کیا کہ شائد ہندوستان نے پاکستان کے خلاف جنگ کا آغاز کردیا ہے ۔ روزنامہ ’’دی نیشن ‘‘ کی اطلاع کے بموجب پتہ چلا کہ پاکستانی فضائیہ کے دو آواز سے زیادہ تیز رفتار لڑاکا جیٹ طیاروں نے سیالکوٹ کی سرحد پر طلایہ گردی کی ہے اور یہ دھماکہ کی آواز اسی کی وجہ سے تھی ۔ ہندوستان کے بم حملوں پر پاکستان کی جوابی کارروائی کی افواہیں بھی پاکستان کے سماجی ذرائع ابلاغ پر گرم تھیں ۔ بعض اہداف پر ہندوستانی فضائیہ کے طیاروں کی بمباری کی افواہیں بھی دیکھی گئیں ۔ ایک ہندوستانی لڑاکا طیارہ کو پاکستانی فضائیہ کی جانب سے مارگرانے کی افواہیں بھی تھیں ۔ ہندوستان اور پاکستان کے صحافیوں نے انکشاف کیا کہ حقیقت یہ تھی کہ طلایہ گردی کے دوران پاکستانی فضائیہ کے چند طیاروں نے صوتی حدود توڑ دی تھیں ۔ وزیراعظم پاکستان عمران خان نے /19 فبروری منگل کو کہا تھا کہ اگر ہندوستان حملہ کرے تو ان کا ملک بھی جواب دے گا اور وزیراعظم ہند نریندر مودی نے حملہ کا جواب دینے ہندوستانی فوج کو مکمل آزادی دینے کا اعلان کیا تھا ۔ کیونکہ بی جے پی کی حلیف اور اپوزیشن جماعتوں نے پاکستان کو منہ توڑ جواب دینے کا مطالبہ کیا تھا ۔