پاکستانی دفتر خارجہ میں ہندوستانی ڈپٹی ہائی کمشنرکی طلبی

اسلام آباد۔ 25 اکتوبر۔(سیاست ڈاٹ کام) ہندوستانی ڈپٹی ہائی کمشنر کو آج پاکستانی دفتر خارجہ میں طلب کرکے لیپاسیکٹر میں ہندوستانی فوج کی طرف سے کنٹرول لائن کے پار مبینہ طور پر بلااشتعال فائرنگ پر احتجاج کیا گیا ۔ کل کنٹرول لائن پر ہندوستانی فوج کی طرف سے مبینہ بلااشتعال فائرنگ میں دو خواتین کی موت ہوگئی تھی جن کے نام مریم اور سمیئرا بتائے گئے ہیں۔خبروں کے مطابق پاکستانی دفتر خارجہ نے ایک احتجاج نامہ انڈین ڈپٹی ہائی کمشنر کے سپرد کیا اور شہریوں کو نشانہ بنانے والی ہندوستان کی مبینہ کارروائی کی مذمت کی۔ دی نیشن کی رپورٹ کے مطابق ہندستان کو 2003 کے جنگ بندی معاہدے کی یاد دہانی بھی کرائی گئی۔