پاکستانی حکام نے ہندوستانی ماہی گیروں کو گرفتار کرلیا

احمد آباد ۔ 30 ۔ مارچ : ( سیاست ڈاٹ کام ) : گجرات میں کَچھ کے ساحل پر بین الاقوامی آبی سرحدوں کے قریب پاکستانی حکام نے 55 ہندوستانی ماہی گیروں کو گرفتار اور 10 کشتیوں کو ضبط کرلیا ۔ سکریٹری نیشنل فش ورکرس فورم مسٹر منیش لودھاری نے آج یہ اطلاع دی اور بتایا کہ تمام ماہی گیروں کا تعلق ضلع دوراکا میں دیوبھومی سے ہے ۔ جنہیں پاکستان مارٹائم سیکوریٹی ایجنسی نے حراست میں لے لیا ہے ۔ انہوں نے بتایا کہ 13 کشتیوں میں سوار یہ ماہی گیر سمندر میں مچھلیاں پکڑنے میں مصروف تھے کہ پاکستانی حکام آدھمکے اور کشتیوں کے ساتھ انہیں لے کر چلے گئے ۔

ٹرین کے روبرو چھلانگ لگاکر اقدام خودکشی
نئی دہلی ۔ 30 ۔ مارچ : ( سیاست ڈاٹ کام ) : وسطحی دہلی کے چاندنی چوک میٹرو اسٹیشن میں آج ایک معمر خاتون نے میٹرو ٹرین کے روبرو چھلانگ لگا کر خود کشی کی کوشش کی ۔ یہ واقعہ آج دوپہر پیش آیا ۔ زخمی خاتون امرجیت کور کو ہاسپٹل میں شریک کروادیا گیا ہے جہاں پر اس کی سرجری کی جارہی ہے ۔ پولیس کو جائے وقوع سے ایک خود کشی نوٹ دستیاب ہوا جس میں خاتون نے تحریر کیا ہے کہ گھریلو معاشی پریشانیوں کی وجہ سے وہ انتہائی اقدام کررہی ہے ۔ امرجیت کور کے شوہر کا چند سال قبل انتقال ہوگیا تھا وہ اپنے فرزند ہرجیندر سنگھ کے ساتھ کیرتی نگر مغربی دہلی میں قیام پذیر تھی ۔۔