’پاکستانی حملے کو کامیابی کے ساتھ ناکام بنادیا گیا‘

بدقسمتی سے ایک مگ طیارہ تباہ اور ایک پائلٹ لاپتہ ہوگیا : ترجمان
نئی دہلی ؍ اسلام آباد ۔ 27 فبروری (سیاست ڈاٹ کام) ہندوستان نے پاکستان پر آج اپنے فوجی تنصیبات پر حملہ کرنے کا الزام عائد کرتے ہوئے کہا کہ حملہ کامیاب رہا لیکن فضائی تصادم میں اسکا ایک مگ طیارہ مار گرایا گیا جسکا ایک پائلٹ لاپتہ ہے۔ وزارت امورخارجہ کے ترجمان راویش کمار نے ایروائس مارشل آرجی کے کپور کیساتھ ایک انتہائی مختصر بیان میں کہا کہ ایک ہندوستانی طیارہ پر قبضہ کئے جانے کے دعوے کی صداقت کا پتہ چلایا جارہا ہے ۔ انڈین فورسیس کی گذشتہ روز پاکستانی حدود میں جیش محمد کے ٹھکانوں پر فضائی کارروائی کے ایک دن بعد دونوں ملکوں کے درمیان آج یہ تازہ تصادم ہوا ہے۔ راویش کمار نے کہا کہ ’’پاکستان نے اپنی ایرفورس استعمال کرتے ہوئے جوابی کارروائی کے طور پر ہندوستان کی جانب فوجی تنصیبات کو نشانہ بنایا لیکن ہماری چوکسی و مستعدی کے سبب اس حملے کو کامیابی کیساتھ ناکام بنادیا گیا‘‘۔