پاکستانی احتجاجیوں کا شاہراہِ دستور کے تخلیہ سے انکار

اسلام آباد۔ 26 اگست ( سیاست ڈاٹ کام ) پاکستانی دارالحکومت میں شاہراہ دستور خالی کرنے سے متعلق سپریم کورٹ کا تحریری حکم نامہ انقلاب اور آزادی مارچ کے منتظمین کو پہنچا دیا گیا، شرکاء نے شاہراہِ دستور مکمل خالی کرنے سے انکار کرتے ہوئے جزوی طورپر سڑک خالی کی ہے جبکہ تحریک انصاف اور عوامی تحریک نے عدالتی حکم پر عمل درآمد بارے اپنے اپنے جوابات بھی سپریم کورٹ میں جمع کروا دئیے ہیں جس میں کہا گیا ہے کہ راستے کو مکمل طور پر بند نہیں کیا گیا بلکہ حکومت نے ہی کنٹینروں سے راستے بند کر رکھے ہیں وہ کھولے جائیں، تحریک انصاف نے واضح کیا ہے کہ ان کا دھرنا شاہراہ دستور سے دور ہے اور وہ علاقہ عرصہ پانچ سال سے بند ہے اس لئے اس پر دیا گیا دھرنا کسی بھی پریشانی کاباعث نہیں۔ سیکورٹی ہائی الرٹ کے اعلانات کے بعد عوامی تحریک کے کارکنوں نے رات جاگ کر گزار دی۔ آزادی اور انقلاب مارچ کے شرکاء نے شاہراہ دستور پر ججز کی گزرگاہ سے رکاوٹیں ہٹا دیں۔ ججز کی گزرگاہ خالی کرنے کے بعد چیف جسٹس شاہراہ دستور کے راستے عدالت پہنچے۔ سپریم کورٹ نے گذشتہ روز شاہراہ دستور پر ججز کا راستہ کھولنے کی ہدایت کی تھی۔ دھرنوں کے شرکاء نے سڑک مکمل خالی کرنے سے انکار کر دیا۔