پانی کا سرقہ، ہریش راؤ آندھراپردیش پر برہم

حیدرآباد 27 ستمبر (سیاست نیوز) ریاستی وزیر آبپاشی ہریش راؤ نے آندھراپردیش کی جانب سے پانی کے سرقہ پر برہمی کا اظہار کیا۔ اُنھوں نے سری سیلم کا پانی پوتی ریڈی پراجکٹ کے ذریعہ رائلسیما منتقل کرنے کا الزام عائد کرتے ہوئے مرکز سے شکایت کی۔ ہریش راؤ نے صدرنشین و ممبر سکریٹری کرشنا بورڈ سے ملاقات کی اور پانی کے سرقہ کا جائزہ لینے کے لئے اعلیٰ سطحی عہدیداروں کی ٹیم یہاں روانہ کرنے کا مطالبہ کیا۔ اس سے پہلے مرکزی محکمہ آبرسانی اُمور کو شکایت کی گئی تھی لیکن آندھراپردیش کے موقف میں اب تک کوئی تبدیلی نہیں آئی۔ ہریش راؤ نے حکومت آندھراپردیش کے رویہ پر شدید برہمی کا اظہار کیاکہ کرشنا بورڈ کو خاموشی تماشائی بنے رہنے کے بجائے انصاف کو یقینی بنانا چاہئے۔ اُنھوں نے صدرنشین کرشنا بورڈ رام شرن اور ممبر سکریٹری سمیر چٹرجی  ملاقات کرتے ہوئے حقیقی صورتحال سے واقف کرایا۔ ہریش راؤ نے کہاکہ جاریہ سیزن میں اچھی بارش ریکارڈ کی گئی اور کرناٹک سے بھی تیز پانی کا بہاؤ جاری ہے لیکن ناگر جنا ساگر میں توقع کے مطابق پانی جمع نہیں ہورہا ہے۔