پانڈیا کو کوہلی کی مکمل حمایت پرعرفان پٹھان مسرور

نئی دہلی ۔29 ستمبر۔( سیاست ڈاٹ کام ) ایک باصلاحیت کھلاڑی اُسی وقت اپنی تمام تر صلاحیتیوں کا مظاہرہ کرسکتا ہے جب اسے ٹیم انتظامیہ اور کپتان کی مکمل حمایت حاصل ہوتی ہے ، ان خیالات کا اظہار عرفان پٹھان نے کرتے ہوئے ٹیم کے کپتان ویراٹ کوہلی کی تعریف کی اور کہاکہ ہاردیک پانڈیا کو ایک بہترین آل راؤنڈر ثابت کرنے میں کوہلی نے کلیدی رول ادا کیاہے ۔ پانڈیاجوکہ گزشتہ برس سے ہندوستان کیلئے کھیل رہے ہیں اور انھوں نے ایک بہترین آل راؤنڈر کی اُمیدیں ایسے ہی جگائی ہے جیسے 14 برس قبل عرفان پٹھان کے ساتھ اُمیدیں وابستہ تھیں جنھوں نے ڈسمبر 2003 ء میں آسٹریلیا کے خلاف اپنے کیرئیر کا آغاز کیا تھا۔ عرفان پٹھان نے مزید کہا کہ یہ دیکھ کر کافی خوشی ہوتی ہے کہ چند کھلاڑیوں کو بہترین حمایت حاصل ہوتی ہے ۔ 32 سالہ عرفان پٹھان نے کہا کہ یہ صرف ہاردیک پانڈیا کیلئے ہی نہیں بلکہ کسی بھی کھلاڑی کیلئے اہم ہوتا ہے کہ اس کا انتظامیہ اور کپتان اس کی مکمل حمایت کرے جیسا کیدار جادھو کو بھی دیکھیں ، انھوں نے ڈومیسٹک کرکٹ میں کافی شاندار کارنامے انجام دیئے ہیں لیکن جب تک کوہلی کی حمایت انھیں حاصل نہیں ہوئی وہ بین الاقوامی سطح پر بہتر مظاہرہ نہیں کرپائے ہیں۔ عرفان پٹھان جنھوں نے 2012ء میں آخری مرتبہ ہندوستان کی نمائندگی کی تھی ، انھوں نے مزید کہاکہ ویراٹ کوہلی تمام نوجوان کھلاڑیوں کی مکمل حمایت کررہے ہیں جیسا کہ روہت شرما کی مہندر سنگھ دھونی نے استقلال کے ساتھ کی تھی اور آج روہت شرما کو دیکھیئے وہ دنیا کے بہترین بیٹسمینوں میں شامل ہوچکے ہیں۔ ہاردیک پانڈیا کے متعلق چیرمین آف سلیکٹر ایم ایس کے پرساد نے کہا تھا کہ وہ ہندوستان کیلئے اگلے کپل دیو ہوں گے لیکن پٹھان نے کہاکہ انھیں پہلے ہاردیک پانڈیا ہی رہنے دیجئے کیونکہ کسی دوسرے کے ساتھ ان کا موازنہ کرتے ہوئے نوجوان کھلاڑی پر دباؤ نہیں بنانا چاہئے ۔