پانڈیا ورلڈ کپ کے گیم چینجر آل راونڈرز میں شامل

لندن ۔23 مئی (سیاست ڈاٹ کام )آئی سی سی کرکٹ ورلڈ کپ میں کھیل بدلنے والے فاسٹ بولرز اور اسپنرز کی لسٹ کے بعد گیم چینجر آل راونڈرز کی فہرست بھی سامنے آگئی ہے۔ گیم چینجرز میں ہندوستان کے آل راؤنڈر ہارڈک پانڈیا اور بنگلہ دیش کے شکیب الحسن کو جگہ ملی ہے ۔ شکیب کا آئی سی سی کے آل راونڈرز میں پہلا نمبر ہے ۔ شکیب 3 تا 6 نمبر تک بیٹنگ کر سکتے ہیں جبکہ رنز روکنے کا فن بھی جانتے ہیں۔ ویسٹ انڈیز کے آندرے رسل لمبے لمبے چھکے مارنے کے لئے شہرت رکھتے ہیں ان کے بارے میں توقع ہے کہ وہ انگلینڈ میں ریکارڈز قائم کریں گے۔ آسٹریلیا کے مارکوس اسٹوئنس بڑی تیزی سے مقبول ہو رہے ہیں ٹاپ آرڈر سے لوئر آرڈر تک بیٹنگ کر سکتے ہیں ، جبکہ ہندوستان کے ہاردیک پانڈیا بھی گیم چینجرز میں شامل ہیں۔ انگلینڈ کے بین اسٹوکس بھی فہرست کا حصہ ہیں ، وہ ان دنوں اچھی فارم میں ہیں وہ بطور بولر پارٹنر شپ بریکر کے نام سے بھی کافی شہرت رکھتے ہیں۔ اس فہرست میں تاہم پاکستان اور سری لنکا کا کوئی کھلاڑی ٹاپ 5 میں شامل نہیں۔آئی سی سی کے گیم بدلنے والے فاسٹ بولرز کی فہرست میں حسن علی کو جگہ ملی تو14 اسپنرز میں شاداب خان شامل تھے لیکن 5 گیم چینجر آل راونڈرز میں پاکستان کا کوئی کھلاڑی شامل نہیں،جبکہ ونڈے کرکٹ میں آل راونڈرز کی عالمی درجہ بندی میں عماد وسیم کا چوتھا اور محمد حفیظ کا ساتواں نمبر ہے۔