پانڈیا نے نچلی صف میں بیٹسمین کی کمی پوری کردی:کوہلی

لندن ۔31 مئی (سیاست ڈاٹ کام ) )چیمپئنز ٹرافی سے پہلے بنگلہ دیش کے خلاف اپنے دوسرے پریکٹس میچ میں240 رنز کی بڑی کامیابی سے حوصلہ افزا ہندوستانی ٹیم کے کپتان ویراٹ کوہلی نے کہا کہ ہاردک پانڈیا نے جس طرح کی اننگز کھیلی اس سے ٹیم کو نچلے آرڈر میں ایک اضافی بیٹسمین ملا ہے ۔کامیابی کے بعد کپتان کوہلی نے کہا ہاردک نے میچ میں چھٹے نمبر پر 54 گیندوں پر ناٹ آوٹ80 رنز کی اننگز کھیلی اور اس اننگز سے خود کو ایک اچھا بیٹسمین کے طور پر ثابت کیا ہے ۔ پچھلے کچھ عرصے سے آل راؤنڈر کے طور پر خود کو ٹیم سے جوڑ چکے ہاردک کی اس اننگز سے ٹیم میں نچلے آرڈر میں بیٹسمین کی تلاش بڑی حد تک مکمل ہو گئی۔ یاد رہے کہ چیمپیئنز ٹرافی کے وارم اپ میچ میں ہندوستان نے بنگلہ دیش کی ٹیم کو یکطرفہ مقابلے میں 240 رنز سے شکست دے کر ایونٹ کیلئے اپنے عزائم ظاہر کر دیے۔لندن میں کھیلے گئے میچ میں بنگلہ دیش نے ٹاس جیت کر پہلے فیلڈنگ کا فیصلہ کیا تو صرف 21 رنز پر روہت شرما اور اجنکیا راہانے پویلین لوٹ گئے۔اس کے بعد شکھر دھون اور دنیش کارتک نے عمدہ بیٹنگ کرتے ہوئے تیسری وکٹ کیلئے 100 رنز جوڑ کر اپنی ٹیم کو بڑے اسکور کیلئے بنیاد فراہم کی۔دنیش کارتک اور اختتامی اوورز میں ہردک پانڈیا کی جارحانہ بیٹنگ کی بدولت ہندوستانی ٹیم نے مشکل وکٹ پر 324 رنز کا بڑا مجموعہ اسکور بورڈ کی زینت بنایا۔ہندوستان کی جانب سے کارتک نے 94، دھون نے 60 اور پانڈیا نے 80 رنز کی ناقابل شکست اننگز کھیلی۔جواب میں پاکستان کے خلاف 342 رنز کا مجموعہ بنانے والے بنگلہ دیشی ٹیم کی بیٹنگ لائن ریت کی دیوار ثابت ہوئی اور پوری ٹیم محض 84 رنز بنا کرپویلین لوٹ گئی۔بنگلہ دیشی ٹیم کے 8 بیٹسمینس دہرے ہندسے کو بھی عبور نہ کرسکے۔