پانچ ہندوستانی فوجیوں کو ہلاک کرنے پاکستان کا دعویٰ

اسلام آباد ۔ 16 فبروری (سیاست ڈاٹ کام) پاکستان نے آج دعویٰ کیا ہیکہ اس نے تتا پانی سیکٹر جو لائن آف کنٹرول کے قریب ہے، ایک ہندوستانی فوجی چوکی کو تباہ کردیا جس میں پاچ ہندوستانی فوجی ہلاک ہوگئے۔ پاکستانی فوج کے ترجمان میجر جنرل آصف غفور نے کل رات ایک ٹوئیٹ کے ذریعہ یہ اطلاع دی، جس میں ایک ویڈیو کلپنگ بھی موجود ہے جس میں ہندوستانی فوجی چوکی پر بمباری ہوتے ہوئے اور دھواں نکلتے ہوئے دکھایا گیا ہے۔ اپنے ٹوئیٹ میں مسٹر غفور نے کہا کہ ایل او سی پر ہندوستانی افواج معصوم اور بے قصور شہریوں کو نشانہ بنارہی ہے جہاں ان کی چوکیوں کو نشانہ بناتے ہوئے پانچ ہندوستانی فوجیوں کو ہلاک کردیا گیا جبکہ کئی فوجیوں کے زخمی ہونے کی اطلاع بھی دی گئی ہے۔ مسٹر غفور نے کہا کہ اگر معصوم شہریوں کو نشانہ بنایا گیا تو پاکستانی فوج اس کا منہ توڑ جواب دے گی۔ دوسری طرف ایک ہندوستانی فوجی عہدیدار نے پاکستان کے دعوے کو بے بنیاد اور من گھڑت قرار دیا۔