پانچ نشستوں پر کامیابی کیلئے ٹی آر ایس کی کوششوں پر تنقید

ایم ایل سی انتخابات
پانچ نشستوں پر کامیابی کیلئے ٹی آر ایس کی کوششوں پر تنقید
حیدرآباد 30 مئی ( سیاست نیوز ) تلنگانہ تلگو دیشم پارٹی نے ایم ایل سی کی پانچ نشستوں پر کامیابی حاصل کرنے چیف منسٹر کے چندر شیکھر راؤ کے بیان کا مضحکہ اڑایا اور دریافت کیا کہ 63 ارکان اسمبلی کی تعداد رکھتے ہوئے کس طرح ایم ایل سی کی پانچ نشستوں پر کامیابی حاصل کی جاسکتی ہے ۔ انہوں نے چیف منسٹر سے اس پر فوری وضاحت کرنے کا مطالبہ کیا ۔ میڈیا سے بات کرتے ہوئے تلنگانہ تلگو دیشم کے قائدین مسرس ایل رمنا صدر تلنگانہ تلگو دیشم اور آر چندر شیکھر ریڈی سابق ایم پی نے کہا کہ قانون ساز کونسل کی ارکان اسمبلی کوٹہ کے تحت چھ نشستوں کیلئے یکم جون کو رائے دہی کیلئے ٹی آر ایس سے 5 ، تلگو دیشم سے ایک اور کانگریس سے ایک جملہ 7 امیدوار انتخابی میدان میں ہیں ۔ ان قائدین نے ٹی آر ایس بالخصوص چیف منسٹر پر الزام عائد کیا کہ وہ ایم ایل سی انتخاب میں کامیابی کیلئے غیر جمہوری طریقہ کار کے ذریعہ ممکنہ کوشش کررہے ہیں قبل ازیں ان دونوں قائدین نے صدر تلگو دیشم پارٹی و چیف منسٹر آندھرا پردیش مسٹر این چندرا بابو نائیڈو سے ملاقات کر کے تازہ ترین صورتحال پر تبادلہ خیال کیا تھا ۔