پانچ سال میں دہشت گرد حملوں میں 177 فیصد اضافہ

مودی کو صرف انتخابات کے وقت صیانت کی فکر
گوہاٹی ۔ 19 اپریل (سیاست ڈاٹ کام) وزیراعظم نریندرمودی کی توجہ ملک کی صیانت پر صرف انتخابات سے پہلے مرکوز ہوتی ہے حالانکہ دہشت گرد حملے گذشتہ پانچ سال کے دوران 177 فیصد زیادہ ہوچکے ہیں۔ سینئر کانگریس قائد مکل سنگما نے کہا کہ مرکزی حکومت کا رویہ اس وقت شدید ہوتا ہے جبکہ جموں و کشمیر کی صورتحال، شمال مغربی علاقہ کی صورتحال، چھتیس گڑھ اور دیگر ریاستوں کی صورتحال ابتر ہوتی ہے۔ صدرنشین شمال مشرقی کانگریس رابطہ کمیٹی سنگما نے کہا کہ مودی قوم کی مؤثر صیانت کے محاذ پر ناکام رہے ہیں۔ راجیہ سبھا میں پیش کردہ اعداد و شمار کے بموجب دہشت گرد حملوں کی تعداد میں گذشتہ 5 سال کے دوران 177 فیصد اضافہ ہوچکا ہے لیکن حکومت کو صورتحال کی خبر صرف انتخابات سے پہلے ہوئی۔ انہوں نے کہا کہ جموں و کشمیر، شمال مشرقی ہند، چھتیس گڑھ اور دیگر ریاستوں میں جنگ کی جارہی ہے لیکن حکومت کا رویہ صرف صورتحال ابتر ہونے پر شدت اختیار کرتا ہے۔ زیادہ سے زیادہ افراد شورش پسند تنظیموں میں شمولیت اختیار کررہے ہیں۔