پانچ ساتھیوں کو ہلاک کرنے کے بعد فوجی کی خودکشی

سرینگر ۔ 27 فبروری (سیاست ڈاٹ کام) ایک فوجی کے اپنے ہی پانچ ساتھیوں کو گولی مار کر ہلاک کرنے کے بعد خودشی کرلینے کا دلدوز واقعہ یہاں کے گند ربل علاقہ میں رونما ہوا جس کی تحقیقات کا حکم دیا گیا۔ دریں اثناء پولیس ذرائع نے میڈیا کو بتایا کہ راشٹریہ رائفلز سے مربوط ایک فوجی نے صفا پورا کیمپ میں اچانک جنونی حرکت کرتے ہوئے اپنے پانچ ساتھیوں کے ساتھ ہوئی بحث کے بعد انہیں گولی مار کر ہلاک کردیا۔ پولیس نے بتایا کہ پانچ ساتھیوں کو ہلاک کرنے کے بعد اس نے خودکشی کرلی۔ فوج کے رابطہ عامہ کے افسر لیفٹننٹ کرنل این این جوشی نے بتایا کہ اس واقعہ کی تحقیقات کا حکم دیا گیا ہے جو 26 اور 27 فبروری کی درمیانی شب کو رونما ہوا۔ یہاں اس بات کا تذکرہ ضروری ہیکہ گذشتہ 24 سالوں کے دوران جموں و کشمیر میں تعینات سیکوریٹی فورسیس کی صفوں میں فائرنگ کے واقعات اکثر و بیشتر رونما ہوتے رہتے ہیں جس کی وجوہات دراصل انتہائی کشیدہ ماحول میں ڈیوٹی انجام دینا، اپنے ارکان خاندان سے طویل عرصہ تک دور رہنا اور تفریح یا آرام کا فقدان شامل ہیں، جس کیلئے کونسلرس نے مختلف اقدامات کرنے کی صلاح دی ہے تاکہ فوجیوں میں مایوسی اور احساس اجنبیت کو دور کیا جاسکے۔

شیعہ فرقہ کی جانب سے اوقاف
بچاؤ تحریک کی 4 مارچ تک توسیع
لکھنؤ ۔ 27 فبروری (سیاست ڈاٹ کام) شیعہ اوقاف کی جائیدادوں پر سے ناجائز قبضوں کو ہٹانے اور شیعہ وقف بورڈ کے سنی وقف بورڈ میں ضم کرنے کی تجویز کی مخالفت میں آج شیعہ فرقہ کی جانب سے شاہی مسجد نزد کپٹل سنیما، جی بی او پارک کے سامنے مظاہرہ کیا گیا، جس کی قیادت مجلس علماء کے روح رواں اور امام جمعہ مولانا کلب جواد نقوی مجتہد نے کی۔ اس موقع پر ماتمی انجمنوں نے شاہی مسجد کے باہر ماتم بھی کیا۔ اپنے کو گرفتاری کیلئے بھی پیش کیا۔ مقررین نے کہا کہ ریاستی اور مرکزی حکومتوں کی نیت شیعہ اوقاف کی جائیدادوں کے تئیں صاف نہیں ہے۔ شیعہ فرقہ کی اربوں روپئے کی جائیداد املاک پر غاصبانہ قبضے کرائے گئے ہیں اور اب یہ تجویز پیش کی گئی ہیکہ شیعہ وقف بورڈ کو ختم کرکے اس کو سنی وقف بورڈ میں ضم کردیا جائے۔ اوقاف بچاؤ تحریک 4 مارچ تک جاری رہے گی۔