پانچ ریاستوں کیلئے گورنروں کے تقررات

بنواری لال پروہت ٹاملناڈو، ستیہ پال ملک بہار کیلئے نامزد
نئی دہلی ۔ /30 ستمبر (سیاست ڈاٹ کام) بنواری لال پروہت کو آج ٹاملناڈو کا گورنر مقرر کیا گیا ۔ بی جے پی کے سینئر لیڈر ستیہ پال ملک بہار کے نئے گورنر ہوں گے ۔ راشٹراپتی بھون سے جاری اعلامیہ کے مطابق جگدیش مکھی بجائے پروہت آسام کے نئے گورنر ہوں گے ۔ اعلامیہ میں کہا گیا ہے کہ صدر جمہوریہ رام ناتھ کووند نے بشمول اروناچل پردیش ، میگھالیہ اور لیفٹننٹ گورنر جزائر انڈومان و نکوابر پانچ گورنروں کے تقررات کو منظوری دی ہے ۔ بہار قانون ساز کونسل کے سابق رکن گنگا پرساد کو میگھالیہ کا گورنر مقرر کیا گیا ہے ۔ پروہت تاحال اس ریاست میں گورنر کی زائد ذمہ داری سنبھال رہے تھے ۔ ایڈمیرل (ریٹائرڈ) ریونیو کمار جوشی بجائے مکھی ،جزائر انڈومان و نکوبار کے لیفٹننٹ گورنر ہوں گے ۔ مہاراشٹرا کے گورنر سی ایچ ودیا ساگر راؤ ، ٹاملناڈو کی زائد ذمہ داری سنبھال رہے تھے چنانچہ اس ریاست میں جیہ للیتا کے /5 ڈسمبر انتقال کے بعد پیدا شدہ صورتحال کے پیش نظر ہمہ وقتی گورنر کے تقرر کے لئے مطالبات کئے جارہے تھے ۔ بی جے پی کے قومی نائب صدر اور سابق رکن پارلیمنٹ ستیہ پال ملک کو گورنر بہار مقرر کیا گیا ہے ۔ رام ناتھ کووند کو بی جے پی کے صدارتی امیدوار کی حیثیت سے نامزد کئے جانے کے بعد یہ عہدہ مخلوعہ تھا ۔ کووند اس سال جولائی میں صدرجمہوریہ منتخب ہوئے تھے ۔ بریگیڈیئر (ریٹائرڈ) بی ڈی مشرا اروناچل پردیش کے گورنر ہوں گے ۔ ناگالینڈ کے گورنر پرجابھا بالا کرشنا آچاریہ اروناچل پردیش کی زائد ذمہ داریاں سنبھال رہے تھے ۔ ٹاملناڈو کے لئے نامزد گورنر پروہت مہاراشٹرا کے علاقہ ودربھا میں سماجی ، سیاسی ، تعلیمی اور صنعتی شعبوں سے سرگرمی کے ساتھ وابستہ رہے ہیں ۔