پانچویں مرحلہ کی مہم ختم ۔ کل رائے دہی

نئی دہلی 4 مئی ( سیاست ڈاٹ کام ) لوک سبھا انتخابات کے پانچویں مرحلہ کیلئے آج انتخابی مہم کا اختتام عمل میں آیا ۔ پانچویں مرحلے میں لوک سبھا کی 51 نشستوں کیلئے ووٹ ڈالے جائیں گے جو چھ شمالی اور مشرقی ریاستوں میں واقع ہیں۔اس مرحلہ میں مرکزی وزرا راج ناتھ سنگھ ‘ راجیہ وردھن راتھوڑ ‘ اسمرتی ایرانی ‘ جئینت سنہا اور ارجن رام میگھوال کے علاوہ کانگریس قائدین سونیا گاندھی اور راہول گاندھی اہم امیدواروں میں شامل ہیں۔اس مرحلہ میں اترپردیش کی 14 اور راجستھان کی 12 نشستوں کیلئے اور مغربی بنگال و مدھیہ پردیش کی سات سات ‘ بہار کی پانچ ‘ جھارکھنڈ کی چار اور جموں و کشمیر کی دو نشستوں کیلئے ووٹ ڈالے جائیں گے ۔ وزیر اعظم نریندر مودی اور امیت شاہ نے بی جے پی کی انتخابی مہم کی کمان سنبھالی جبکہ کانگریس صدر راہول گاندھی کے علاوہ کئی مرکزی وزرا اور دیگر قائدین نے اپنی اپنی جماعتوں کے امیدواروں کیلئے مہم چلائی ۔ نریندر مودی اور راہول گاندھی نے پوری شدت کے ساتھ اس مرحلہ کیلئے بھی مہم چلائی ۔ انہوں نے کئی ریاستوں کا دورہ کیا اور پارٹی امیدواروں کی تائید میں ریلیوں سے خطاب کیا اور روڈ شو بھی منعقد کئے ۔ کانگریس جنرل سکریٹری پرینکا گاندھی بھی کانگریس امیدواروں کے حق میں یو پی میں مہم چلا رہی ہیں۔