پالی ٹیکنک کورسیس میں داخلہ کونسلنگ کا اعلان

14 مئی سے کونسلنگ مقرر، ویب سائیٹ پر سلاٹ بک کروانے کا مشوہ
حیدرآباد ۔ 11 مئی (سیاست نیوز) ریاست تلنگانہ کے پالی ٹیکنک کالجوں کے مختلف ڈپلومہ کورسیس میں داخلوں کیلئے جاریہ ماہ 14 مئی سے کونسلنگ کا آغاز ہوگا۔ ٹی ایس پالی سیٹ 2019ء کنوینر مسٹر نوین متل نے کونسلنگ شیڈول جاری کرتے ہوئے بتایا کہ گذشتہ ماہ منعقدہ پالی سیٹ 2019ء کیلئے جملہ 1,06,295 امیدواروں نے درخواستیں داخل کئے تھے جن کے منجملہ نتائج کی اجرائی عمل میں آنے پر 1,03,587 امیدوار داخلوں کیلئے اہل قرار پائے۔ انہوں نے بتایا کہ کونسلنگ کے ایک حصہ کے وطر پر 14 تا 16 مئی تک (www.tspolycet.nic.in) ویب سائیٹ کے ذریعہ ابتدائی تفصیلات پُر کرکے اپنے صداقتناموں کی جانچ کیلئے حاضر ہونے سلاٹ بک کرلینا ہوگا اور اپنے صداقتناموں کی جانچ کے موقع پر یکم ؍ جنوری 2019ء کے بعد جاری کردہ آمدنی (انکم) سرٹیفکیٹ، ذات پات و ریسیڈنشیل سرٹیفکیٹ وغیرہ بھی ساتھ لے آنا امیدواروں کیلئے ضروری ہوگا۔ مسٹر نوین متل نے بتایا کہ کونسلنگ کے موقع پر آن لائن کے ذریعہ ہی فیس ادا کرنا ہوگا اور بعدازاں کونسلنگ میں نشست (داخلہ) حاصل کئے ہوئے امیدواروں کو فوری طور پر ویب سائیٹ کے ذریعہ ’’سیلف رپورٹنگ‘‘ کرنا بھی ضروری ہوگا۔