پالم بس سانحہ : سی آئی ڈی چارچ شیٹ داخل

حیدرآباد ۔ 31 ۔ مئی : ( سیاست نیوز ) : محبوب نگر پالم بس سانحہ کے واقعہ پر سی آئی ڈی نے اپنی چارج شیٹ کو داخل کردیا ہے ۔ یاد رہے کہ والوو بس سانحہ میں جہاں بس مکمل طور پر خاکستر ہوگئی تھی اور اس میں سوار 44 افراد ہلاک ہوگئے ۔ تحقیقات سی آئی ڈی کے حوالے کئے گئے تھے ۔ سی آئی ڈی نے اپنی چارج شیٹ میں بس سانحہ کی وجوہات حادثہ سے پہلے اور بعد بس کے تعلق سے مکمل تفصیلی رپورٹ پیش کی ہے اور اس بات کو واضح کردیا ہے کہ بس احکامات کی خلاف ورزی کرتے ہوئے چلائی جارہی تھی ۔ اس کیس میں 10 ملزمین کے خلاف چارج شیٹ داخل کی گئی ہے جن میں ضلع اننت پور کے تاڑپتری ایم ایل اے جے سی دیواکر ریڈی کی اہلیہ ، جبار ٹراویلس ، آر اینڈ بی محکمہ کے منجملہ 10 افراد کو قصور وار بتایا گیا ہے ۔ اور سی آئی ڈی نے اس بس سانحہ پر 400 صفحات پر مشتمل رپورٹ کو مرکزی حکومت روانہ کیا ہے ۔

یاد رہے کہ محبوب نگر کی عدالت میں 7 مئی کے دن چارج شیٹ داخل کی گئی تھی ۔ یاد رہے کہ 30 اکٹوبر کے دن صبح کی اولین ساعتوں میں ضلع محبوب نگر کے پالم علاقہ میں حادثہ پیش آیا تھا جہاں بنگلور سے حیدرآباد آرہی والوو بس حادثہ کا شکار ہوئی تھی اور 44 افراد بس کے اندر جلکر خاکستر ہوگئے تھے اس وقت حادثہ کا شکار جبار ٹراویلس کی بس کے تعلق سے مختلف اطلاعات تھیں اور ڈرائیور کی لاپرواہی کو اہم وجہ بتایا جاتا تھا ۔ تاہم سی آئی ڈی کی جانب سے داخل کردہ چارج شیٹ میں بتایا گیا ہے کہ جس کے ڈیزائن کو تبدیل کیا گیا تھا اور اس کو تیار کرنے میں بھی کئی خامیاں تھیں ۔ ڈیزل کے ٹینک کو ٹائروں کے قریب کردیا گیا تھا اور ضابطہ کے خلاف بس کی سیٹوں کو تیار کیا گیا تھا ۔ جس کے سبب ہولناک سانحہ پیش آیا تھا ۔