پالمیر یونیورسٹی کے کیروپراکٹک ڈاکٹرس کی طبی خدمات کو خراج تحسین

حیدرآباد ۔ 28 فبروری (پریس نوٹ) جناب زاہد علی خان ایڈیٹر روزنامہ سیاست نے پالمیر یونیورسٹی امریکہ کے کیروپراکٹک ڈاکٹرز کی گذشتہ 18 برسوں سے حیدرآباد میں طبی خدمات کو زبردست خراج تحسین پیش کرتے ہوئے امید ظاہر کی کہ اس طرح کے کیمپ آئندہ بھی منعقد ہوتے رہیں گے۔ انہوں نے اس موقع پر پالمیر کالج کا کیرو پراکٹک امریکہ، پالمیر یونیورسٹی اور حکومت کا شکریہ ادا کیا جن کے تعاون و سرپرستی میں کیرو پراکٹک میڈیکل کیمپ کا حیدرآباد میں کامیاب انعقاد عمل میں لایا جارہا ہے۔ انہوں نے پروفیسر معین انصاری صدرنشین بورڈ آف نیوٹریشن پالمیر یونیورسٹی اور محترمہ شاہدہ انصاری کا شکریہ ادا کیا جن کی سرپرستی میں گذشتہ 18 برسوں سے حیدرآباد میں کیمپ منعقد کئے جارہے ہیں۔ جناب زاہد علی خان نے پالمیر یونیورسٹی امریکہ کے زیراہتمام ادارہ سیاست اور اعظم ووکیشنل جونیر کالج و اعظم ہاسپٹل کے زیراہتمام 5 روزہ مفت کیرو پراکٹک میڈیکل کیمپ کے عابد علی خاں آئی ہاسپٹل دارالشفاء میں اختتامی جلسہ میں مہمان خصوصی کی حیثیت شرکت کرتے ہوئے یہ بات کہی۔ ابتداء میں ڈاکٹر سید غوث الدین کوآرڈینیٹر کیمپ نے کہا کہ پالمیر کالج آف کیرو پراکٹک امریکہ کے 16 رکنی ڈاکٹرز کی ٹیم پروفیسر معین انصاری اور محترمہ شاہدہ انصاری کے زیراہتمام دو روز میسکو گریز ملک پیٹ میں 800 سے زائد طلباء و طالبات وبچوں کا جنرل چیک اپ کیا اور گذشتہ تین روز سے عابد علی خاں آئی ہاسپٹل میں 700 مریضوں کا معائنہ کیا۔ میڈیکل کیمپ میں نہ صرف حیدرآباد کے اطراف و اکناف بلکہ اضلاع کے علاوہ جھارکھنڈ سے مریضوں نے آ کر کیروپراکٹک طریقہ علاج کے ذریعہ اپنا علاج کروایا۔ جناب زاہد علی خاں نے اپنی تقریر میں کہا کہ ادارہ سیاست کے ویب سائیٹ کا ہر ماہ 20 لاکھ لوگ مشاہدہ کرتے ہیں جن میں کئی ممالک کے لوگ شامل ہیں۔ جھارکھنڈ کے مریض ویب سائیٹ کے ذریعہ طبی مشاہدہ کے بعد حیدرآباد تشریف لائے۔ پروفیسر معین انصاری صدرنشین بورڈ آف نیوٹریشن نے اپنی تقریر میں کہا کہ کیروپراکٹک ڈاکٹرز دنیا کے مختلف مقامات پر اپنے ہاتھوں کی تکنیک کے ذریعہ علاج و معالجہ کررہے ہیں جس میں کوئی دوا یا آپریشن کی ضرورت نہیں ہوتی۔ لوگ اب اس طریقہ علاج کو اپنانے کیلئے مختلف دواخانوں پر رجوع ہوتے ہیں۔ جناب زاہد علی خاں نے اپنی تقریر میں کہا کہ ان کے حالیہ دورہ سعودی عرب اور متحدہ عرب امارات میں کیروپراکٹک کے سنٹرز قائم ہیں جہاں حکومت کی سرپرستی میں علاج و معالجہ کا انتظام ہے۔ محترمہ شاہدہ انصاری نے اپنی تقریر میں کہا کہ امریکہ سے پالمیر یونیورسٹی کے ڈاکٹرز خدمت خلق کے جذبہ سے حیدرآباد کا دورہ کررہے ہیں اور یہاں کے تکلیف میں مبتلاء مریضوں کا علاج و معالجہ کرتے ہیں جس سے انہیں کافی فائدہ ہوتا ہے۔ انہوں نے اس موقع پر جناب زاہد علی خاں ایڈیٹر سیاست، جناب ظہیرالدین علی خاں منیجنگ ایڈیٹر روزنامہ سیاست اور جناب عامر علی خاں کا شکریہ ادا کیا جن کے تعاون اور سرپرستی میں مفت کیروپراکٹک میڈیکل کیمپ کا انعقاد عمل میں لایا جارہا ہے۔ انہوں نے اعظم ووکیشنل جونیر کالج (اعظم ہاسپٹل) کے پیرا میڈیکل اسٹاف کے تعاون کا بھی شکریہ ادا کیا جس کی وجہ سے میڈیکل اسٹاف کو امریکی ڈاکٹروں کے ساتھ کچھ سمجھنے کا موقع ملا۔ اس موقع پر Prof.Dr.Nathaniel اور Prof.Dr.Shanie نے فیکلٹی ممبرز سے مخاطب کرتے ہوئے حیدرآباد کی تہذیب اور یہاں کے کلچر اور پیرا میڈیکل اسٹاف اور کیمپ کے عہدیداروں کا شکریہ ادا کیا جن کے تعاون سے یہ کیمپ منعقد کیا گیا۔ اس موقع پر مہمان خصوصی جناب زاہد علی خاں کے ہاتھوں کیروپراکٹک ڈاکٹرز کو ادارہ سیاست کی طرف سے تحائف پیش کئے گئے اور پیرا میڈیکل اسٹاف کو سرٹیفکیٹ اور کیروپراکٹک ڈاکٹرز کی طرف سے تحفے بھی دیئے گئے۔ اس موقع پر ڈاکٹرز کے علاوہ پروفیسر میر تراب علی، جناب محمد ندیم پرنسپل اعظم ووکیشنل جونیر کالج، جناب وسیم خان، جناب غلام محی الدین اکاونٹنٹ میسکو، جناب منہاج انصاری قابل ذکر ہیں۔ کیمپ کا کامیاب انعقاد کرنے میں جناب ایم این بیگ، جناب خالد محی الدین اسد، جناب فہیم انصاری، جناب محمد برکت علی، جناب محمد ذیشان، جناب مرزا مظہر بیگ، جناب محمد حامد، جناب احمد صدیقی مکیش قابل ذکر ہیں۔