پاریکر پر گوا کے اُمور میں مداخلت کا الزام

پاناجی 31 ڈسمبر (سیاست ڈاٹ کام) گوا میں آج این سی پی نے الزام عائد کیاکہ وزیر دفاع منوہر پاریکر ریاست کے اُمور میں مداخلت کرتے آئے ہیں اور یہ کہ چیف منسٹر لکشمی کانت پرسیکر کو کئی مسائل پر نظرانداز کیا جارہا ہے۔ این سی پی کی گوا یونٹ کے ترجمان ٹی ڈی میلو نے یہاں پریس کانفرنس میں دعویٰ کیاکہ پاریکر نے ذریعہ تعلیم کے مسئلہ پر بی جے پی ارکان اسمبلی کی میٹنگ طلب کی ہے۔ انھیں ریاستی سیاست میں کیونکر مخل ہونا چاہئے۔ پرسیکر کو پاریکر نے بالکلیہ حاشیہ پر کردیا ہے۔
سڑک حادثہ میں 5 افراد ہلاک
بیتول (ایم پی) 31 ڈسمبر (سیاست ڈاٹ کام) ٹریکٹر ٹرالی کی لاری کے ساتھ ٹکر کے نتیجہ میں 5 افراد بشمول 4 خواتین ہلاک ہوگئے اور دو دیگر کو زخم آئے ہیں، پولیس نے آج کہاکہ یہ حادثہ بیتول ۔ ناگپور فور لین روڈ پر پیش آیا۔ بیتول پولیس اسٹیشن کے انسپکٹر راجندر دھوروے نے کہاکہ کل رات دیر گئے پیش آئے حادثہ میں گنے سے لدی ٹریکٹر لاری چند لوگوں کو لے کر اپنی منزل کی طرف رواں دواں تھی کہ سامنے والی سمت سے لاری نے اُسے ٹکر دے دی، پانچوں افراد برسرموقع فوت ہوگئے۔