پارکنگ مقامات سے لاریاں سرقہ کرنے والی ٹولی گرفتار

سارقین کا آندھرا سے تعلق، سائبرآباد پولیس کی کارروائی
حیدرآباد 27 فروری (سیاست نیوز) سائبرآباد حدود میں بالخصوص آؤٹر رنگ روڈ اور پارکنگ مقامات (آٹو نگروں) سے راست طور پر لاریوں کے سرقہ کی وارداتوں میں اضافہ ہوتا جارہا ہے۔ سائبرآباد میں پولیس کی سخت چوکسی اور آؤٹر رنگ روڈ پر طلایہ گردی کے باوجود ایسے واقعات رونما ہونا پولیس کے لئے درد سر بنا ہوا ہے۔ سائبرآباد سی سی ایس اور اپل پولیس نے ایک مشترکہ کارروائی میں ایک ٹولی کو گرفتار کرلیا جو پارکنگ مقامات سے لاریوں کا سرقہ کررہی تھی۔ اس بین ریاستی ٹولی کا تعلق پڑوسی ریاست آندھرا سے بتایا گیا ہے۔ پولیس نے اس ٹولی کے تین افراد کو گرفتار کرتے ہوئے ان کے قبضہ سے 6 لاریوں کو ضبط کرلیا۔ بتایا جاتا ہے کہ مائتکور ضلع کڑپہ کا ساکن سدرشن ریڈی اس ٹولی کا اصل سرغنہ بتایا گیا ہے۔ اس کے علاوہ اس کے ساتھی پولی ویندولہ کا ساکن بائی ریڈی اور اننت پور کا ساکن سائی کمار کو پولیس نے گرفتار کرلیا۔ اس ٹولی کو پولیس نے اس وقت گرفتار کیا جب یہ ٹولی مسروقہ لاریوں کو فروخت کرنے کی کوشش کررہا تھی۔ ایک خفیہ اطلاع پر پولیس اپل اور سی سی ایس نے مشترکہ کارروائی انجام دی۔ بتایا جاتا ہے کہ سدرشن ریڈی جو سابق میں لاریوں پر فینانس فراہم کیا کرتا تھا، اس نے کام چھوڑ دیا تھا اور معاشی بدحالی سے تنگ آکر اس نے ایک منصوبہ تیار کیا اور اپنے دو ساتھیوں کو شامل کرلیا۔ پارکنگ مقامات سے یہ ٹولی لاریوں کا سرقہ کرتی تھی اور نمبر پلیٹ کو بدل کر فرضی دستاویزات تیار کرتے ہوئے یہ ٹولی لاریوں کو فروخت کردیا کرتی تھی۔ پولیس نے اس ٹولی کو بے نقاب کردیا اور مزید تحقیقات جاری ہیں۔