’پارٹی کی خواہش پر وراناسی سے مقابلہ کیلئے تیار ہوں ‘ پرینکا

رائے بریلی ۔ 23 اپریل (سیاست ڈاٹ کام) کانگریس کی جنرل سکریٹری پرینکا گاندھی وڈرا کو وزیراعظم نریندر مودی کے خلاف امیدوار نامزد کئے جانے کی قیاس آرائیوں کے درمیان انہوں (پرینکا) نے کہا ہیکہ وہ اس ضمن میں اپنی پارٹی کے کسی بھی فیصلے کی پابندی کریں گی۔ وراناسی میں لوک سبھا انتخابات کے آخری مرحلہ کے تحت 19 مئی کو ووٹ ڈالے جائیں گے۔ پرینکا گاندھی نے کہا کہ ’’میں بارہا مرتبہ کہہ چکی ہوں کہ میں وہی کروں گی جو پارٹی مجھ سے کہے گی۔ (مودی حکومت سے) عوام ہراسانی اور گھٹن محسوس کررہے ہیں‘۔ پرینکا گاندھی امیتھی اور رائے بریلی کے دورہ پر پہنچی ہیں۔ ان کے حلقوں کی نمائندگی بالترتیب ان کے بھائی راہول گاندھی اور والدہ سونیا گاندھی کرتی ہیں۔ پرینکا اپنے دورہ کے دوسرے دن امیتھی کے گوری گنج میں کانگریس قائدین کے اجلاس سے خطاب کریں گی جہاں راہول گاندھی کو بی جے پی کی شعلہ بیان لیڈر اور مرکزی وزیر سمرتی ایرانی سے مقابلہ درپیش ہے۔