پارلیمنٹ کے روبرو خواتین کا مظاہرہ

نئی دہلی۔ 20 فروری (سیاست ڈاٹ کام) بعض خاتون احتجاجیوں نے آج پارلیمنٹ کے روبرو مظاہرہ کیا۔ وہ پارلیمنٹ کے اجلاس میں توسیع کا مطالبہ کررہی تھیں تاکہ طویل مدت سے زیرالتواء خواتین تحفظات بل منظور کیا جاسکے۔ احتجاجی مظاہرین نعرہ بازی کررہی تھیں اور اپنے مطالبہ کی تائید میں پلے کارڈس اٹھائے ہوئے تھیں۔چونکہ انہوں نے دفعہ 144 کی خلاف ورزی کی جو انتہائی سخت حفاظتی انتظامات کے علاقہ میں نافذ تھا، پولیس نے انہیں حراست میں لے لیا اور پارلیمنٹ اسٹریٹ پولیس اسٹیشن منتقل کردیا۔

بہار اسمبلی میں بی جے پی ارکان کی ہنگامہ آرائی
پٹنہ ۔20 فبروری ۔ ( سیاست ڈاٹ کام ) بہار اسمبلی میں بھی آج بی جے پی ارکان اسمبلی نے ایوان کے وسط میں پہونچ کر جم کر ہنگامہ آرائی کی ۔ حکمراں جماعت کے کی جانب سے اس الزام کے بعد کے بی جے پی کے سابق ممبران رام دھر سنگھ اور گری راج سنگھ مبینہ طورپر 100 کروڑ مالیتی اسکام میں ملوث ہیں ، بی جے پی کے تمام ارکان ایوان کے وسط میں پہنچ کر حکومت مخالف نعرے لگانے لگے ۔ جس کے نتیجہ میں ایوان کو دو بار ملتوی کرنا پڑا ۔ قبل ازیں برسراقتدار جماعت کے رکن منجیت کمار سنگھ نے اپنے سوال میں کہا کہ مذکورہ دونوں این ڈی اے کے بی جے پی وزراء انشورنس رقم کی ادائیگی میں ہونے والی دھوکہ دہی میں ملوث ہیں جس کے ساتھ ہی بی جے پی کی جانب سے ہنگامہ آرائی کا آغاز ہوگیا ۔