پارلیمنٹ کی طرف مارچ کرنے کسانوں کی کوشش ناکام

نئی دہلی کے پارلیمنٹ اسٹریٹ پولیس اسٹیشن کے قریب 35000 کسانوں کا احتجاج
نئی دہلی 30 نومبر (سیاست ڈاٹ کام) ملک سے جمع ہونے والے تقریباً 35,000 کسانوں نے پارلیمنٹ تک مارچ کرنے کی اجازت سے محرومی کے بعد آج قومی دارالحکومت میں پارلیمنٹ اسٹریٹ پولیس اسٹیشن کے روبرو احتجاجی مظاہرہ کیا اور کسان قائدین نے احتجاجیوں سے خطاب کیا۔ آل انڈیا کسان سنگھرش رابطہ کمیٹی (اے آئی کے ایس سی سی) کے قومی سکریٹری آشیش متل نے کہاکہ 24 ریاستوں کے کسان قرض سے راحت، اپنی زرعی پیداوار پر بہتر امدادی قیمتوں کے بشمول اپنے مختلف مطالبات پر دباؤ ڈالنے کے لئے اس احتجاج میں شامل ہوئے تھے۔ رام لیلا میں جمعرات سے کیمپ کرنے والے ان کسانوں نے جمعہ کو 10.30 بجے دن بھاری پولیس کی موجودگی کے درمیان پارلیمنٹ اسٹریٹ کی سمت اپنا مارچ شروع کیا۔ ان تمام کو پارلیمنٹ اسٹریٹ پولیس اسٹیشن کے قریب روک دیا گیا جس کے بعد وہ تمام اس مقام پر جمع ہوگئے تھے۔ آندھراپردیش، گجرات، مدھیہ پردیش، مہاراشٹرا، ٹاملناڈو، مغربی بنگال اور اترپردیش کے بشمول ملک کی تقریباً 24 ریاستوں کے کسان جمعرات کو رام لیلا گراؤنڈ پر جمع ہوئے تھے۔ 207 کسان تنظیموں کے وفاق اے آئی کے ایس سی سی کے بیانر تلے ملک بھر کے زرعی پیشہ افراد، کسانوں اور کھیت مزدوروں نے بھی احتجاج میں حصہ لیا۔