پارلیمنٹ کی تضحیک کرنے والے لیڈران ملک سے معافی مانگیں : عباسی

اسلام آباد ۔ 20 جنوری ۔(سیاست ڈاٹ کام) وزیراعظم پاکستان شاہد خاقان عباسی نے کہا کہ پارلیمنٹ پرلعن طعن کرنے والوں کو معافی مانگنی چاہیے ، کیونکہ اجلاس کی اجازت عدالت نے دی تھی، اس لیے پارلیمنٹ کے خلاف متنازعہ بیان ازخود نوٹس ہوسکتا ہے ۔ ریڈیو پاکستان نے آج یہ اطلاع دی۔ خانگی ٹی وی جیو نیوز کے پروگرام میں گفتگو کرتے ہوئے وزیراعظم شاہد خاقان عباسی کا کہنا تھا کہ طاہرالقادری جو کچھ کر رہے ہیں وہ نظر آ رہا ہے ، وہ سڑکوں پر ہیں لیکن اگر کوئی رکن پارلیمنٹ ہو تو اسے کوئی بھی بات سوچ سمجھ کر کرنی چاہیے ۔انھوں نے کہا کہ پارلیمنٹ پر لعن طعن کرنے والوں کو معافی مانگنی چاہیے ورنہ انھیں اس بات کا جواب انتخابات میں مل جائے گا۔پاکستان تحریک انصاف کے سربراہ عمران خان اور راولپنڈی سے رکن قومی اسمبلی شیخ رشید نے لاہور میں سانحہ ماڈل ٹاؤن کے حوالے سے پاکستان عوامی تحریک کے سربراہ طاہرالقادری کے احتجاجی جلسے میں خطاب کے دوران پارلیمنٹ کے خلاف سخت مذمتی الفاظ استعمال کیے تھے ۔