پارلیمنٹ کینٹن میں ناقص غذا کی سربراہی

بیمار پڑنے والے ایم پیز میں جیہ بچن بھی شامل
نئی دہلی ۔ 30 ۔ جولائی (سیاست ڈاٹ کام) عام آدمی اکثر کسی سرکاری کینٹن میں سربراہ کئے جانے والے کھانے کی شکایت کرتے نظر آتے ہیں لیکن پارلیمنٹ کی کینٹن میں سر براہ کیا جانے والا ناقص کھانا بھی راجیہ سبھا میں بحث کا موضوع بن گیا کیونکہ بعض ایم پیز کینٹن کا کھانا نوش کرنے کے بعد بیمار پڑگئے تھے۔ وقفہ صفر کے دوران اس موضوع کو اٹھاتے ہوئے کے سی تیاگی ( جے ڈی یو) نے کہا کہ پارلیمنٹ کینٹن سے کھانا کھانے والے ارکان پارلیمان بیمار ہورہے ہیں جن میں سماج وادی پارٹی ارکان رام گوپال یادو اور جیہ بچن ناقص غذا کے تازہ ترین شکار ہیں۔ انہوں نے ازراہ مذاق کہا کہ ناقص غذا سربراہ کرنے کی یہ ایک اچھی سازش ہے تاکہ ارکان پا رلیم ان کے منہ بند رکھے جائیں۔ اپوزیشن بنچس کے کچھ ارکان نے ریمارک کیا کہ کینٹن میں غذا ریاست گجرات سے فراہم کی جارہی ہے جس کا جواب دیتے ہوئے وزیر برائے پارلیمانی امور وینکیا نائیڈو نے کہا کہ کچھ لوگ ا یسے ہیں جو ہمیشہ گجرات کا خواب دیکھتے رہتے ہیں۔ میں بھلا کیا کرسکتا ہوں ۔ جب نائب صدرنشین پی جے کورین نے نائیڈو سے کہا کہ وہ اس معاملہ پر غور و خوض کریں تو انہوں نے جواب دیتے ہوئے کہا کہ انہوں نے اس شکایت کو نوٹ کرلیا ہے اور کینٹن اسٹاف کو مناسب ہدایت دی جاچکی ہے۔