پارلیمنٹ میں مخالف دہشت گردی بل کو منظور کرنے کا مطالبہ

ہندوستان سیکولر و جمہوری ملک ، کے سی آر کی ستائش ، پیوپل اینڈ پیس کمیٹی کی پریس کانفرنس
حیدرآباد ۔ 30 ۔ مارچ : ( سیاست نیوز ) : پیوپل اینڈ پیس کمیٹی ( قومی یکتا ) نے مرکزی حکومت سے مطالبہ کیا کہ وہ نربھئے ایکٹ کی طرح پارلیمنٹ میں ’ مخالف دہشت گردی ‘ بل کو منظور کرے تاکہ قومی یکجہتی اور گنگا جمنی تہذیب کا گہوارہ جمہوری ملک ہندوستان کو درپیش امن اور سلامتی کے خطرات سے محفوظ رکھا جاسکے ۔ آج یہاں چیرمین کمیٹی سید مختار حسین اڈوائزر کمیٹی ممبر و سابق میناریٹی کمیشن ممبر ایم اے صدیقی اور رکن کمیٹی و صدر نشین شیراز فاونڈیشن شیراز آمنہ خان نے پریس کانفرنس میں یہ بات بتائی ۔ انہوں نے کہا کہ ہندوستان ایک سیکولر اور جمہوری ملک ہے جہاں پر مختلف مذاہب سے تعلق رکھنے والے عوام رہتے اور بستے ہیں اور دستور ہند میں تمام مذاہب کے ماننے والوں کو مذہبی آزادی کا حق ہے ۔ جہاں پر دہشت گردی اور مذہبی منافرت پھیلانے کی کوئی گنجائش نہیں ہے ۔ ہندوستان میں تمام مذاہب کے عوام جیسے ہندو ، مسلم ، سکھ ، عیسائی اخوت اور بھائی چارگی کے ساتھ اتحاد اور قومی یکجہتی کا مظاہرہ کرتے ہوئے اپنی زندگی گذارتے ہیں لیکن گذشتہ کچھ عرصہ سے بعض سماج دشمن اور فرقہ پرست عناصر کی جانب سے ملک میں دہشت گردی اور فرقہ وارانہ منافرت کو ہوا دیتے ہوئے پرامن فضاء کو مکدر کرنے کی کوشش کی جارہی ہے ۔ جس کے نتیجہ میں ملک کی سالمیت کو خطرہ لاحق ہوگیا ہے ۔ انہوں نے تلنگانہ حکومت کی کارکردگی پر اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے چیف منسٹر کے چندر شیکھر راؤ سے مطالبہ کیا کہ وہ ریاست تلنگانہ میں قومی یکجہتی اور فرقہ وارانہ ہم آہنگی کی برقراری میں سخت اقدامات کرتے ہوئے قانون نظم و ضبط کی برقراری کو یقینی بنائیں ۔ انہوں نے چیف منسٹر سے یہ بھی مطالبہ کیا کہ ریاست تلنگانہ کے تمام اضلاع بالخصوص شہر حیدرآباد میں وزیر اعظم کے 15 نکاتی پروگرام پر موثر عمل آوری کے ذریعہ اقلیتوں کی تعلیمی و معاشی پسماندگی کے خاتمہ کے لیے اسکولس اور کالجس کے قیام کے علاوہ اقلیتوں کی ترقی کو یقینی بنایا جائے ۔ اس موقع پر سکریٹری تنظیم آواز مسٹر سید محمد علی بھی موجودتھے ۔۔