پارلیمنٹ میں بدنظمی پیدا کرنے والے ویلن:عبدالکلام

چندراپور (مہاراشٹرا)۔ 15 فبروری ۔ ( سیاست ڈاٹ کام ) سابق صدرجمہوریہ اے پی جے عبدالکلام نے آج کہاکہ ایسے افراد جو پارلیمنٹ کی کارروائی میں بدنظمی اور خلل پیدا کرتے ہیں وہ ہیرو نہیںبلکہ وہ لوگ ہیروز ہیں جو اس طرح کے بدنظمی اور خلل اندازی کو خاموشی سے برداشت کرتے ہیں ۔ڈاکٹر کلام گزشتہ روز پارلیمنٹ میں تلنگانہ بل کے مسئلہ پر پیش آئے بدنظمی کے واقعات کا حوالہ دیئے بغیر کہا کہ وہ لوگ جو پارلیمنٹ میں بدنظمی پیدا کرتے ہیں وہ ہیرو نہیں ہوسکتے البتہ وہ ضرور ہیرو ہیں جو خاموشی سے ایسے افراد کی گڑبڑی کو برداشت کرتے ہیں اور میڈیا کو ایسے ہی ہیروز کونمایاں کرنا چاہئے ۔ ڈاکٹر کلام آج یہاں مقامی بی جے پی رکن پارلیمنٹ ہنس راج اہیر کی جانب سے ترتیب دیئے گئے پروگرام سے خطاب کررہے تھے جہاں انھوں نے طلبہ اور اساتذہ کے ایک بڑے اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے یہ باتیں کہی ۔ طلبہ کی جانب سے یہ پوچھے جانے پر کے ہندوستانی طلبہ عموماً اعلیٰ تعلیم کیلئے بیرونی ممالک کا رخ کیوں کرتے ہیں تو ڈاکٹر کلام نے کہاکہ آئی آئی ایمس اور آئی آئی ٹیز بھی دنیا کے بہترین تعلیمی اداروں میں سے ایک ہیں جہاں پر اُن کے مقاصد پورے ہوسکتے ہیں، تعلیم کیلئے طلبہ کو باہر جانے کی ضرورت نہیں ۔