پارلیمانی حلقہ نلگنڈہ کو ’’ انفارمیشن ٹکنالوجی ہب ‘‘ میں تبدیل کرنے کا تیقن

کے سی آر عوام کو دھوکہ دینے میں ماہر، ضلع کے رائے دہندے باشعور، کانگریس کی کامیابی یقینی، اتم کمار ریڈی اور دیگر کی پریس کانفرنس

نلگنڈہ۔/3اپریل، ( سیاست ڈسٹرکٹ نیوز) مرکزی حکومت کی عوام دشمن و کسان دشمن پالیسیوں کی تائید کرنے والے چیف منسٹر انتخابات میں عوام کو گمراہ کرنے کیلئے ڈرامہ بازی کررہے ہیں، ضلع کے باشعور رائے دہندے اچھے اور برے کی تمیز جانتے ہیں، لوک سبھا میں کانگریس کو اکثریت حاصل ہونے پر انصاف اسکیم کے ذریعہ امداد فراہم کی جائے گی۔ حلقہ لوک سبھا نلگنڈہ کو انفارمیشن ٹکنالوجی ہب کے علاوہ شہر نلگنڈہ کو اسمارٹ سٹی بنانے کیلئے منظور کروایا جائے گا۔ ان خیالات کا اظہار صدر پردیش کانگریس کمیٹی و حلقہ لوک سبھا امیدوار مسٹر این اتم کمار ریڈی،تلگودیشم قائدین شریمتی رجنی کماری، سرینواس گوڑ، تلنگانہ جنا سمیتی صدر مسٹر گوپال ریڈی نے آج نلگنڈہ میں مشترکہ صحافتی کانفرنس کو مخاطب کرتے ہوئے کیا۔ صدر تلنگانہ جنا سمیتی مسٹر گوپال ریڈی نے کہا کہ کے سی آر عوام کو دھوکہ دینے میں ماہر ہیں۔ انتخابات میں 1.86 لاکھ جائیدادوں پر بھرتی کا اعلان کیا گیا صرف 32 ہزار جائیدادوں پر ہی تقررات عمل میں آئے۔ حکومت نے بیروزگاری کو دور کرنے اور کے جی تا پی جی مفت تعلیم فراہم کرنے کا وعدہ کیا لیکن چند ایک ریسیڈنشیل سوسائٹیز کا قیام عمل میں لایا جہاں پر 1.50 لاکھ طلباء ہی کو تعلیم سے آراستہ کیا جارہا ہے۔ انہوں نے الزام عائد کیا کہ اقامتی اسکولوں کی عمارت کو صرف پارٹی قائدین و کارکنوں سے ہی کرایہ پر حاصل کیا جارہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ اسمبلی انتخابات میں متحدہ طور پر چند ایک ناکامیوں کی وجہ سے محاذ کو ناکامی ہوئی لوک سبھا میں کانگریس امیدواروں کو کامیاب بنانے کیلئے ممکنہ جدوجہد کی جائے گی۔ انہوں نے تمام کانگریس امیدواروں کو کامیاب بنانے کی عوام سے خواہش کی۔ ضلع تلگودیشم قائد شریمتی رجنی کماری نے کہا کہ سابقہ ناکامیوں پر نظر ثانی کرتے ہوئے لوک سبھا انتخابات میں کانگریس امیدواروں بالخصوص حلقہ لوک سبھا سے کیپٹن اتم کمار ریڈی کو بھاری اکثریت سے کامیاب بنایا جائے گا۔ تلگودیشم قائد سرینواس گوڑ نے پارٹی کے بہی خواہوں، قائدین و کارکنوں سے اپیل کی کہ وہ حلقہ لوک سبھا امیدوار حلقہ کے حقیقی خدمت گذار مسٹر این اتم کمار ریڈی کو کامیاب بنانے کیلئے تشہیری مہم کے ذریعہ عوام کی تائید و حمایت حاصل کرنے پر توجہ دیں۔ صدر پردیش کانگریس کمیٹی و لوک سبھا نلگنڈہ کے امیدوار مسٹر این اتم کمار ریڈی نے کہا کہ اس حلقہ سے ٹی آر ایس نے اراضی مافیا سے تعلق رکھنے والے جن کا جدوجہد تلنگانہ میں کوئی رول نہیں ہے اور غیر معروف فرد کو امیدوار بنایا ہے، روپیوں کے بل پر امیدوار کا انتخاب صرف کے سی آر ہی کرتے ہیں اور اپنی انتخابی مہم کے دوران حکومت کی فلاحی اسکیمات اور خود ان کو دیکھتے ہوئے امیدوار کو کامیاب بنانے اپیل کررہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ گزشتہ میں 5 ارکان پارلیمنٹ سے کیا حاصل کیا گیا ۔ ٹی آر ایس کے ارکان ایوانوں میں کوئی آواز بلند نہیں کی بلکہ صدر کے اشارے پر فرقہ پرست و ملک کے دستور کو نقصان پہنچانے والے نریندر مودی کی تائید کرتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ گزشتہ پانچ برسوں میں مرکز کی تائید کس بنیاد پر کی گئی اس سے عوام کو واقف کروانا چاہیئے۔ انہوں نے کہا کہ چیف منسٹر کو چاہیئے ان کے سوالوں کا جواب دے۔ انہوں نے کہا کہ حلقہ سے امیدوار بنایا جانا بھی میرے لئے فخر کی بات ہے۔ اس حلقہ کو تاریخی اہمیت حاصل ہے ۔ انہوں نے کہا کہ ایس ایل بی سی سرنگ، ایمس دواخانہ کی تکمیل جنگی پیمانے پر کروائی جائے گی اور حیدرآباد تا وجئے واڑہ سوپر فاسٹ ریلوے لائن کے علاوہ شہر کو اسمارٹ سٹی بنایا جائے گا اور انفارمیشن ٹکنالوجی ہب کا قیام عمل میں لایا جائے گا۔ اس موقع پر ریاستی پارٹی ترجمان ڈاکٹر محمد عبدالحفیظ خان، کانگریس قائد ڈی نرسمہا ریڈی اور دوسرے موجود تھے۔