’پائیلٹ کی بحفاظت واپسی تک سیاسی سرگرمیاں روک دیں ‘ مودی سے عمر عبداللہ کی درخواست

سرینگر۔ 27 فروری (سیاست ڈاٹ کام) نیشنل کانفرنس کے صدر عمر عبداللہ نے وزیراعظم نریندر مودی پر زور دیا کہ انڈین ایرفورس کے لاپتہ پائیلٹ کی بحفاظت گھر واپسی تک وہ (مودی) تمام سیاسی سرگرمیوں کو روک دیں۔ عمر عبداللہ نے تمام اپوزیشن جماعتوں سے بھی یہ اپیل کی تھی کہ قومی دارالحکومت میں منعقد شدنی اپنا اجلاس ملتوی کردیں۔ انہوں نے سلسلہ وار ٹوئٹس میں کہا کہ ’’ونگ کمانڈر ابھینندن کی واپسی تک تمام سیاسی سرگرمیاں معطل کردیں۔ سابق چیف منسٹر نے کہا کہ یہ معمول کی طرح نہیں ہوسکتا کہ ایک ایسے وقت جب ہمارا ایک پائیلٹ ، پاکستان کی تحویل میں ہے اور ہم ٹیکس دہندگان کی طرف سے ادا کردہ رقومات کی قیمت پر سیاسی تقاریر کرتے رہیں۔ عمر عبداللہ نے اپوزیشن جماعتوں سے بھی احتیاط کی خواہش کی۔