پائلٹ نشہ میں دوبئی جانے والا طیارہ تاخیر کا شکار

کھٹمنڈو۔30 جولائی (سیاست ڈاٹ کام) نیپال سے دوبئی جانے والا ایک طیارہ اپنے مقررہ وقت سے دس گھنٹے تاخیر سے روانہ ہوا کیوں کہ جہاز کے پائلٹ پرواز سے قبل جب طبی جانچ کی گئی تو اسے نشہ میں پایا گیا۔ کل مقامی وقت کے مطابق صبح 9:40 بجے فلائٹ FZ8018 دوبئی کے لیے روانہ ہونے والی تھی تاہم پائلٹ پر کئے گئے نشہ کا ٹسٹ مثبت ثابت ہوا لہٰذا طیارہ کو پرواز کی اجازت نہیں دی گئی۔ دریں اثناء تری بھون انٹرنیشنل رپورٹ کے جنرل منیجر راج کمار چھیتری نے بتایا کہ ایئرلائنز کے عملہ کی جانب سے انہیں ایک شکایت موصول ہوئی تھی جس کے بعد بریتھ انالائزر کے ذریعہ پائلٹ کا ٹسٹ کیا گیا جس کے بعد پائلٹ (فلائٹ کیپٹن) این حسین کو نشہ میں پایا گیا اور اس کے بارے میں دوبئی کے حکام کو فوری طور پر مطلع کردیا گیا۔ حیرت کی بات یہ ہے کہ فلائنگ عملہ کی عجیب و غریب حرکات کی شکایت ایئرلائنز کے عملہ نے کی تھی۔ بہرحال 153 مسافروں کو فلائٹ 575 سے کل شام 7:20 دوبئی روانہ کیا گیا۔ ضوابط کے مطابق اگر کسی طیارہ کا پائلٹ نشہ میں پایا جاتا ہے تو اسے طیارہ اڑانے کی اجازت نہیں دی جاتی بلکہ متبادل پائلٹ فراہم کیا جاتا ہے۔