ٹی20 سیریز میں بھی نیوزی لینڈ کا فاتحانہ آغاز

نیلسن۔ 29 ڈسمبر۔ ( سیاست ڈاٹ کام ) نیوزی لینڈ نے ویسٹ انڈیز کو پہلے ٹی20 میچ میں 47 رنز سے شکست دے کر تین میچوں کی سیریز میں 1-0کی برتری حاصل کر لی۔ آج نیلسن میں کھیلے گئے سیریز کے پہلے ٹی ٹوئنٹی میچ میں ویسٹ انڈین ٹیم کے قائد کارلوس بریتھویٹ نے ٹاس جیت کر پہلے میزبان ٹیم کو بیٹنگ کی دعوت دی اور ان کا یہ فیصلہ درست ثابت نہ ہو سکا۔نیوزی لینڈ نے پہلے کھیلتے ہوئے مقررہ اوورز میں 7 وکٹوں کے نقصان پر 187 رنز بنائے، گلین فلپس 55 اور کولن منرو 53 رنز بنا کر نمایاں رہے لیکن دیگر بیٹسمین نمایاں کھیل پیش نہ کر سکے۔مارٹن گپٹل پانچ، ٹام بروس دو، روس ٹیلر 20، انارو کچن 12، ڈگ بریسویل صفر پر آؤٹ ہوئے جبکہ مچل سینٹنر 23 اور ٹم ساؤدھی 10 رنز بنا کر ناٹ آؤٹ رہے۔ویسٹ انڈیز کی جانب سے کریگ بریھویٹ اور جیروم ٹیلر نے دو، دو وکٹیں حاصل کیں۔ون ڈے سیریز کی طرح ٹی20 میں بھی ویسٹ انڈین بیٹنگ لائن ایک مرتبہ ناکامی سے دوچار ہوئی اور اننگز میں کسی بھی موقع پر ہدف کے تعاقب میں سنجیدہ نظر نہ آئی۔مہمان ٹیم کی جانب سے آندرے فلیچر 27 رنز بنا کر نمایاں رہے جبکہ والٹن سات، کرس گیل 12، شے ہوپ 15، جیسن محمد تین، روومین پاول چھ، کپتان کارلوس بریتھویٹ 21، کیسرک ولیمز 3، ٹیلر 20 اور بدری 2 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے۔ویسٹ انڈین ٹیم 19 اوورز میں 140 رنز بنا کر پویلین لوٹ گئی اور نیوزی لینڈ نے میچ میں 47 رنز سے فتح اپنے نام کرنے کے ساتھ ساتھ سیریز میں بھی 1-0کی برتری حاصل کر لی۔نیوزی لینڈ کی جانب سیتھ رانس اور ساؤدھی نے 3، 3 جبکہ ڈگ بریسویل نے دو کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔وکٹ کیپر بیٹسمین گلین فلپس شاندار نصف سنچری اور وکٹوں کے عقب میں چار شکار کرنے پر میچ کے بہترین کھلاڑی قرار پائے۔