ٹی سرینواس یادو نے اسمبلی کی رکنیت سے استعفیٰ نہیں دیا

قانون حق معلومات سے انکشاف ، جی وینکٹ ریڈی کانگریس قائد کا ادعا
حیدرآباد۔ 19 جولائی (سیاست نیوز) سابق گورنمنٹ چیف وہپ و سینئر کانگریس قائد مسٹر جی وینکٹ رمنا ریڈی نے ادعا کیا کہ تلگو دیشم پارٹی ٹکٹ پر بحیثیت رکن اسمبلی کامیابی حاصل کرکے پارٹی سے انحراف کرتے ہوئے ٹی آر ایس زیرقیادت حکومت میں بحیثیت وزیر برقرار رہنے والے مسٹر ٹی سرینواس یادو نے اسمبلی رکنیت سے استعفی ہی پیش نہیں کیا۔ آج یہاں اخباری نمائندوں سے بات چیت کرتے ہوئے مسٹر وینکٹ رمنا ریڈی نے اس بات کا انکشاف کرتے ہوئے ثبوت کے طور پر قانون حق معلومات کے تحت حاصل کردہ دستاویزات اخباری نمائندوں کے روبرو پیش کئے اور دریافت کیا کہ ان دستاویزات سے بھی مسٹر سرینواس یادو انکار کریں گے۔ انہوں نے کہا کہ مسٹر سرینواس یادو وزیر کمرشیل ٹیکسیس نے نہ صرف تلنگانہ عوام کو بلکہ تلنگانہ قانون ساز اسمبلی کو بھی دھوکہ دیا اور کہتے ہوئے تلنگانہ عوام اور قانون ساز اسمبلی کو گمراہ کیا کہ اسمبلی رکنیت سے مستعفی ہوتے ہوئے مکتوب استعفی اسپیکر قانون ساز اسمبلی تلنگانہ کو پیش کردیا گیا جوکہ جھوٹ پر مبنی حقائق سے بعید اور گمراہ کن ثابت ہوچکا ہے۔ مسٹر وینکٹ رمنا ریڈی نے بتایا کہ انہوں نے بڑی ہی جدوجہد کے ذریعہ مسٹر سرینواس یادو کے استعفی کی پیشکش سے متعلق حقائق جاننے کیلئے قانون حق معلومات کا سہارا لیا اور حقیقت پر مبنی دستاویزات حاصل کئے۔ انہوں نے وزیر کمرشیل ٹیکسیس مسٹر سرینواس یادو کے استعفی دینے سے متعلق بیانات پر اپنی شدید برہمی کا اظہار کیا اور کہا کہ محض وزارت میں شمولیت اختیار کرنے حلف برداری تقریب سے عین وقت قبل ٹی وی چیانلوں کے ذریعہ اسمبلی رکنیت سے مستعفی ہونے اور مکتوب استعفی اسپیکر تلنگانہ قانون ساز اسمبلی کو پیش کرنے کی گمراہ کن اطلاعات ٹیلی کاسٹ کروائی تھی۔ کانگریس قائد نے مزید کہا کہ اس مسئلہ پر پارٹی قائدین سے تبادلہ خیال کے بعد قانون حق معلومات کے تحت حاصل کردہ دستاویزی ثبوت کے ساتھ گورنر تلنگانہ مسٹر ای ایس ایل نرسمہن سے ملاقات کرکے واقف کرواتے ہوئے تفصیلی یادداشت (مع دستاویزات) پیش کریں گے۔ مسٹر جی وینکٹ رمنا ریڈی نے دستور ہند کی خلاف ورزی کرنے والے مسٹر سرینواس یادو کے مسئلہ پر فی الفور اپنے ردعمل کا اظہار کرنے کا چیف منسٹر تلنگانہ مسٹر کے چندر شیکھر راؤ سے پرزور مطالبہ کیا۔