ٹی بی کے خاتمہ کیلئے یو ایس ایڈ سے ہر ممکن مدد

ہندوستان سے مکمل صفایہ کا نشانہ ‘ اڈمنسٹریٹر مارک گرین کا انٹرویو
ایم ایس بلال
حیدرآباد ۔ /30 نومبر ۔ یونائیٹیڈ اسٹیٹس ایجنسی پر انٹرنیشنل ڈیولپمنٹ (یو ایس ایڈ) کے ایڈمنسٹریٹر مسٹر مارک گرین نے کہا کہ ہندوستان میں ٹی بی مرض کے مکمل خاتمہ کیلئے ہرممکن مدد فراہم کررہی ہے ۔ گلوبل انٹرپرینر شپ سمیٹ میں شرکت کے بعد انہوں نے نمائندہ سیاست کو دیئے گئے ایک انٹرویو میں کہا کہ یو ایس ایڈ ہندوستان کو 1998 ء سے ٹی بی کے مرض سے مقابلہ کرنے کیلئے معاشی مدد فراہم کررہا ہے اور اب تک 140 ملین ڈالر کی سرمایہ کاری کی جاچکی ہے ۔ انہوں نے کہا کہ ڈسٹرکٹ سطح کے ٹی بی پروگرامس کے ذریعہ ٹی بی مرض کا ہندوستان سے مکمل طور پر صفایا کرنے کیلئے ہمیشہ تیار ہے ۔ انہوں نے کہا کہ ہر سال 435,000 افراد ٹی بی کے مرض سے متاثر ہوتے ہیں اور کئی افراد کی اموات بھی پیش آتی ہے ۔ ٹی بی کے مرض کا شکار ہونے والی خواتین کو معاشرہ میں کئی مشکلات کا سامنا کرنا پڑتا ہے ۔ مسٹر مارک گرین نے کہا کہ امریکہ میں ہنوز جین ماہرین کی جانب سے ریسرچ جاری ہے اور ٹی بی کے مرض کیلئے بہتر سے بہتر ادویات تیار کرنے کا پروگرام بھی جاری ہے ۔ انہوں نے کہا کہ یہ بات قابل غور طلب ہے کہ یو ایس ایڈ ہندوستان کی وزارت صحت کی مدد سے کام کرتا ہے اور عالمی فنڈس کے ذریعہ ٹی بی کے علاوہ ایڈس اور ملیریا کی روک تھام کیلئے بھی فنڈس جاری کئے جاتے ہیں ۔ مارک گرین نے سمیٹ کے کامیاب طور پر انعقاد پر اپنے تاثرات ظاہر کرتے ہوئے کہا کہ ہندوستان بالخصوص حیدرآباد کی عوام کے پرخلوص استقبال سے متاثر ہیں ۔ انہوں نے کہا کہ شہر میں کانفرنس کے انعقاد کے نتیجہ میں عالمی انٹرپرینرس میں جوش و خروش دیکھا گیا ۔ انہوں نے کہا کہ اس کانفرنس کا مقصد یہ ہے کہ اس میں شرکت کرنے والے تمام ممالک کے معاشی نظام کو بہتر اور مستحکم بننے میں مدد کی جائے ۔