ٹی ایل پی کا حکومت کے ساتھ معاہدہ ، احتجاج ختم

اسلام آباد ۔ 3 نومبر ۔(سیاست ڈاٹ کام) تحریک لبیک پاکستان (ٹی ایل پی) نے حکومت کے ساتھ معاہدے کے بعد جمعہ کو ملک گیر مظاہرہ کو ختم کرنے کا اعلان کیا۔ ’ڈان‘نے اپنی رپورٹ میں بتایا کہ نظر ثانی کی درخواست پر عدالتی فیصلہ آنے تک حکومت آسیہ بی بی کا نام ایگزٹ کنٹرول لسٹ (ای سی ایل) میں شامل کرنے کو لے کر فوری طور پر قدم اٹھائے گی۔ دونوں فریقوں کے نمائندوں کی طرف سے دستخط شدہ پانچ نکاتی معاہدے میں کہا گیا ہے کہ حکومت توہین رسالت کیس میں سپریم کورٹ کے فیصلہ کے خلاف دائر نظر ثانی درخواست کی مخالفت نہیں کرے گی۔حکومت نے یہ بھی وعدہ کیا ہے کہ آسیہ بی بی کے حق میں فیصلہ کے خلاف مظاہرے کے دوران مظاہرین کی موت کے سلسلہ میں مناسب قانونی کارروائی کی جائے گی اور گزشتہ 30 اکتوبر سے شروع ہوئے احتجاج کے دوران گرفتار تمام لوگوں کو رہا کیا جائے گا۔ ٹی ایل پی لیڈروں نے حکومت کے ساتھ معاہدے کے بعد مظاہرین سے احتجاج و مظاہرہ ختم کرنے اور سڑکوں کو خالی کرنے کے لئے کہا ہے ۔ٹی ایل اپی ترجمان پیر اعجاز قادری نے کہاکہ کارکنوں سے پرامن طریقے سے دھرنے پر سے ہٹنے کے لئے کہہ دیا گیا ہے ‘‘۔ حکمراں تحریک انصاف پارٹی نے جمعرات کو کہا تھا کہ حکومت کا آسیہ بی بی کا نام ایگزٹ کنٹرول لسٹ میں شامل کرنے اور سپریم کورٹ کے فیصلہ کیخلاف نظر ثانی درخواست دائر کرنے کا کوئی منصوبہ نہیں ہے ۔