ٹی آر ایس حکومت شہر کو ترقی دینے کوشاں

چیف منسٹر چندرشیکھر راؤ کے اقدامات کی ستائش، تیگلا کرشنا ریڈی کا بیان
حیدرآباد۔/29نومبر، ( سیاست نیوز) ٹی آر ایس میں شمولیت اختیار کرنے والے تلگودیشم رکن تیگلا کرشنا ریڈی نے شہر اور مضافاتی علاقوں کی ترقی اور حیدرآباد کو بین الاقوامی معیار کا شہر بنانے کیلئے چیف منسٹر کے چندر شیکھر راؤ کے اقدامات کی ستائش کی۔ وقفہ صفر کے دوران تیگلا کرشنا ریڈی نے کہا کہ وہ حیدرآباد کے میئر اور حڈا کے صدرنشین کی حیثیت سے شہر کی ترقی کے سلسلہ میں وسیع تر تجربہ رکھتے ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ حکومت منصوبہ بند انداز میں ترقی کی سمت گامزن ہے۔ انہوں نے کہا کہ چیف منسٹر چندر شیکھر راؤ بین الاقوامی سطح پر حیدرآباد کو ترقی یافتہ شہروں کی فہرست میں دیکھنا چاہتے ہیں۔ کرشنا ریڈی نے کہا کہ عالمی ادارہ نے سیاحتی شعبہ میں حیدرآباد کو دنیا کی بیسٹ سٹی کا درجہ دیا ہے۔ انہوں نے حسین ساگر کی صفائی اور اس کے اطراف ترقیاتی سرگرمیوں کے منصوبہ کا خیرمقدم کیا۔ انہوں نے کہا کہ حیدرآباد اور رنگاریڈی کے مضافاتی علاقوں میں مقیم کسانوں کے مسائل پر بھی حکومت توجہ دے رہی ہے۔ کرشنا ریڈی نے اپوزیشن کے ان اندیشوں کو مسترد کردیا کہ حکومت کم وقفہ میں کس طرح شہر کو ترقی دے پائے گی۔ ان کا کہنا تھا کہ چندر شیکھر راؤ کے عزم کے آگے کوئی چیز ناممکن نہیں۔