ٹی آر ایس کے دس ماہ کی حکومت میں 900 کسانوں کی خود کشی

راہول گاندھی کا دورہ تلنگانہ سے اتفاق ، صدر پی سی سی تلنگانہ اتم کمار ریڈی
حیدرآباد ۔ 30 ۔ اپریل : ( سیاست نیوز) : صدر تلنگانہ پردیش کانگریس کمیٹی کیپٹن اتم کمار ریڈی نے راہول گاندھی سے ملاقات کی ۔ دورہ کے دوران دو دن تلنگانہ میں دورہ کرکے کسانوں سے ملاقات کریں گے اور خود کشی کرنے والے کسانوں کے ارکان خاندان کو پرسہ دیں گے ۔ صدر تلنگانہ پردیش کانگریس کمیٹی نے کل دہلی میں نائب صدر کانگریس کمیٹی راہول گاندھی سے ملاقات کی ۔ تلنگانہ میں زرعی بحران اور کسانوں کی خود کشی پر تبادلہ خیال کیا ۔ سارے ملک میں کسان بھروسہ ریالی منظم کرنے والے راہول گاندھی نے 10 ، 11 یا 11 ، 12 کو تلنگانہ کا دورہ کرنے سے اتفاق کیا ہے ۔ بعد ازاں میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے کیپٹن اتم کمار ریڈی نے کہا کہ تلنگانہ میں ٹی آرا یس کے 10 ماہ کے دورہ اقتدار کے دوران 900 سے زائد کسانوں نے خود کشی کی ہے ۔ جب تلنگانہ کے زرعی بحران اور کسانوں کی خودکشی واقعات سے راہول گاندھی کو واقف کرایا گیا تو انہوں نے تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کسانوں سے ملاقات کرنے سے اتفاق کیا ہے ۔ ریاست کی تقسیم کے بعد راہول گاندھی پہلی مرتبہ تلنگانہ کے دورے پر آرہے ہیں ۔ ہدہد طوفان کی تباہ کاریوں کا جائزہ لینے کے لیے وشاکھا پٹنم کا دورہ کیا تھا ۔ تلنگانہ پردیش کانگریس کمیٹی راہول گاندھی کے دورے کو کامیاب بنانے کے لیے بڑے پیمانے پر تیاریاں کررہی ہے ۔ 4 اضلاع میدک ، ورنگل ، عادل آباد ، نظام آباد کا جائزہ لیا جارہا ہے ۔ جس میں راہول گاندھی کے پروگرام کا روڈ میاپ تیار کیا جارہا ہے ۔ کانگریس کے ذرائع نے بتایا کہ راہول گاندھی دو دن میں روزانہ 15 تا 25 کیلو میٹر پدیاترا کرتے ہوئے کسانوں سے ملاقات کریں گے ۔ خود کشی کرنے والے چند کسانوں سے ملاقات کریں گے ۔ مقامی قائدین کی جانب سے جمع کردہ معاوضہ دینے کا بھی امکان ہے ۔ تلنگانہ پردیش کانگریس کمیٹی ہر اسمبلی سے 200 کسانوں اور کانگریس کے قائدین کو راہول گاندھی کے پروگرام اور پدیاترا میں شامل کرنے کی تیاریاں کررہی ہیں ۔ راہول گاندھی کے پروگرام کو قطعیت دینے والی دہلی کی ٹیم تلنگانہ پردیش کانگریس کمیٹی سے رابطہ بنائے ہوئے ہے۔ امکان ہے کہ وہ مئی کے پہلے ہفتے میں حیدرآباد پہونچ جائے گی تاکہ پدیاترا اور دوسرے پروگرامس کو قطعیت دی جاسکے ۔۔