ٹی آر ایس کی تلنگانہ حکومت میں رشوت ستانی عروج پر : ریونت ریڈی

حیدرآباد ۔ 27 ۔ فروری : ( سیاست نیوز) : تلنگانہ تلگو دیشم مقننہ پارٹی نے ٹی آر ایس کی زیر قیادت حکومت تلنگانہ کو اپنی سخت تنقید کا نشانہ بنایا اور کہا کہ تلنگانہ حکومت میں کرپشن و بے قاعدگیاں بام عروج پر پہونچ چکی ہیں اور ان بے قاعدگیوں و کرپشن کے بے نقاب ہوجانے کے خوف سے ہی سکریٹریٹ میں جرنلسٹوں ( صحیفہ نگاروں ) کی موجودگی پر حکومت پابندی عائد کرنے کے اقدامات کررہی ہے ۔ اخباری نمائندوں سے بات چیت کرتے ہوئے ڈپٹی لیڈر تلنگانہ تلگو دیشم مقننہ پارٹی مسٹر اے ریونت ریڈی نے یہ بات کہی اور بتایا کہ بالخصوص ضلع کریم نگر میں بڑے پیمانے پر کرپشن سرگرمیاں جاری ہیں اور ان کرپشن سرگرمیوں کے لیے وزیر فینانس مسٹر ای راجندر مکمل طور پر ذمہ دار ہیں ۔ لہذا اس کی ذمہ داری وزیر فینانس کو قبول کرنا ہوگا اور فی الفور وزارتی عہدے سے مستعفی ہونے کا وزیر فینانس مسٹر ای راجندر سے پر زور مطالبہ کیا ۔ مسٹر اے ریونت ریڈی نے مزید کہا کہ وزیر فینانس کی اجازت اور اطلاع دئیے بغیر ضلع میں چیک پوسٹس کی برخاستگی ہرگز ممکن نہیں ہے ۔ لہذا چیک پوسٹس برخاستگی کی ذمہ داری قبول کرتے ہوئے فوری طور پر وزارتی عہدے سے استعفیٰ دینے کی ضرورت ہے ۔ انہوں نے کہا کہ حکومت تلنگانہ کا انتہائی مقبول عام و اہم ترین کاکتیہ مشن پروگرام اب کرپشن مشن پروگرام میں تبدیل ہو کر رہ گیا ہے اور کہا کہ ان تمام حقائق کو جب بے نقاب کیاجارہا ہے تو تلنگانہ راشٹرا سمیتی قائدین اور وزراء خوف زدہ ہو کر کانپ رہے ہیں ۔ انہوں نے ضلع کریم نگر میں چیک پوسٹس کی برخاستگی سے متعلق وضاحت کرنے کا مطالبہ کیا ۔۔