ٹی آر ایس حکومت کی ایک سالہ کار کردگی اطمینان بخش

کریم نگر میں رکن پارلیمنٹ ونود کمار کی پریس کانفرنس
کریم نگر /31 مئی (سیاست ڈسٹرکٹ نیوز) ٹی آر ایس اقتدار میں آکر ایک سال ہونے کو ہے۔ 2 جون کو کے چندر شیکھر راؤ نے بحیثیت چیف منسٹر حلف لیا تھا، جن کی ایک سال کی کار کردگی اطمینان بخش ہے۔ کریم نگر کے رکن پارلیمنٹ بی ونود کمار نے پرنٹ اینڈ الکٹرانک میڈیا سے خطاب کرتے ہوئے ان خیالات کا اظہار کیا۔ انھوں نے کہا کہ تلنگانہ کے مخالفین کا ادعا تھا کہ تلنگانہ مل بھی جائے تو اس علاقہ کے عوام کو بدترین صورت حال کا سامنا کرنا پڑے گا، کرشنا کے آبی وسائل سے استفادہ میں دشواری ہوگی، برقی کی شدید قلت ہوگی، تاریکی ہوگی، نکسلائٹس کی سرگرمیوں میں اضافہ ہوگا اور فرقہ وارانہ جھگڑے ہوں گے، جب کہ ایسا کچھ بھی نہیں ہوا۔ انھوں نے کہا کہ اقتدار حاصل ہونے کے بعد چھ ماہ تک ہمیں دشواریاں پیش آئیں، سیول، آئی پی ایس اور آئی اے ایس عہدہ دار نہیں تھے، اسی لئے ترقیاتی پروگرامس کی منصوبہ بندی کے باوجود اس پر عمل آوری میں دشواری ہوئی۔ انھوں نے بتایا کہ تلنگانہ میں دیہی سطح سے اربن تک پانی کی سربراہی کے لئے واٹر گرڈ پر 40 ہزار کروڑ روپئے کی منصوبہ بندی پر عمل ہو رہا ہے، کاکتیہ مشن کے تحت تالابوں اور کنٹوں کا احیاء ہو رہا ہے، غریبوں کے لئے دو سو کی بجائے دو ہزار روپیہ وظیفہ مقرر کیا گیا ہے، 40 ہزار کروڑ روپئے کے خرچ سے چار ہزار کروڑ میگاواٹ، این ٹی پی سی سے برقی سربراہی کا معاہدہ ہو چکا ہے، جب کہ فی الحال برقی کی سربراہی کو یقینی بنانے کے لئے برقی خرید کر سربراہ کی جا رہی ہے۔ انھوں نے کہا کہ مرکز نے پی جی ایف فنڈس کو روک دیا ہے، جس کی اجرائی کے لئے پارلیمنٹ میں آواز بلند کی گئی اور تلنگانہ کی تشکیل کے بعد بھدراچلم کے چھ منڈلوں کو آندھرا پردیش میں ضم کئے جانے کی مذمت کی گئی۔ انھوں نے کہا کہ دو ریاستوں کے دو ہائی کورٹ ہونے چاہئے، لہذا مرکز کی ٹال مٹول پالیسی کے خلاف احتجاج کرتے ہوئے مذمت کی گئی۔ انھوں نے بتایا کہ غریبوں میں زرعی اور رہائشی مکانات کی اراضی کی تقسیم کے لئے منصوبہ بندی ہو رہی ہے۔ مسٹر ونود کمار نے کہا کہ صحافی برادری نے ٹی آر ایس کی غلطیوں کی نشاندہی اور ستائش دونوں کی ہے، لہذا میں امید کرتا ہوں کہ آئندہ اگر ہم سے کوئی غلطی ہوئی تو ہمیں آگاہ کیا جائے گا، جس کے ہم شکرگزار ہوں گے۔ انھوں نے کہا کہ 2 جون کو کریم نگر میں کے ٹی آر اور ایٹالہ راجندر کے کارناموں اور آئندہ کے لائحہ عمل و ترقیاتی پروگراموں سے واقف کروایا جائے گا۔ اس موقع پر ان کے ہمراہ زیڈ پی سی چیرپرسن تلا اما، ٹی آر ایس ضلع صدر شنکر ریڈی اور سید اکبر حسین بھی موجود تھے۔