ٹی آر ایس حکومت پر سیاسی مفاد کیلئے عوام کو گمراہ کرنے محمد علی شبیر کا الزام

حیدرآباد ۔ 30جولائی ( سیاست نیوز) قائد اپوزیشن تلنگانہ قانون ساز کونسل محمد علی شبیر نے تقسیم آندھراپردیش کے وعدوں کا جائزہ لینے کیلئے فوری اسمبلی و کونسل کا خصوصی اجلاس طلب کرنے کا ریاستی حکومت سے مطالبہ سیاسی مفاد پرستی کیلئے تلنگانہ کے عوام کو گمراہ کرنے کا ٹی آر ایس کے وزراء اور ارکان اسمبلی ‘ ارکان پارلیمنٹ پر الزام عائد کیا ۔ آج اسمبلی کے میڈیا ہال میں پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے یہ بات بتائی ۔ اس موقع پر ڈپٹی فلور لیڈر کونسل پی سدھاکر ریڈی بھی موجود تھے ۔ محمد علی شبیر نے کہا کہ 2014ء میں علحدہ تلنگانہ ریاست کی تشکیل کے موقع پر آندھرا کو کیا ملنا چاہیئے اور تلنگانہ کو کیا ملنا چاہیئے اس کا فیصلہ ہوچکا تھا ۔ چار سال تک اقتدار کے مزے مولٹنے والے ٹی آر ایس قائدین کے علاوہ تلنگانہ کی مخالفت کرنے والے ریاستی وزیر ٹی سرینواس یادو بھی کانگریس کو تنقید کا نشانہ بنارہے ہیں جبکہ تقسیم ریسات بل میں بیارم میں اسٹیل فیکٹری ‘ قاضی پیٹ میں ریلوے کوچ فیکٹری ‘ ہائیکورٹ کی تقسیم ‘ قبائلی یونیورسٹی تلنگانہ میں قائم کرنے کا وعدہ کیا گیا تھا ۔ چار سال تک ٹی آر ایس حکومت نے ان وعدوں کی تکمیل کیلئے مرکم پر کوئی دباؤ نہیں ڈالا ۔ کانگریس کے زیرقیادت یو پی اے حکومت نے علحدہ تلنگانہ ریاست کی تشکیل کے موقع پر ہی آندھرا کو خصوصی ریاست کا درجہ دینے کا وعدہ کیا تھا ۔