ٹینس پریمیئر لیگ،اتوار کو دبئی میں کھلاڑیوں کی نیلامی

ممبئی۔27فبروری(سیاست ڈاٹ کام )کرکٹ، ہاکی اور بیڈمنٹن کے بعد ہندوستان میں انٹرنیشنل ٹینس پریمیئر لیگ(آئی ٹی پی ایل) کی تیاریاں عروج پر ہیں۔ ہندوستانی ٹینس اسٹار مہیش بھوپتی کے پیش کردہ اس نظریہ نے ٹینس کی دنیا میں ہلچل کی سی کیفیت پیدا کردی ہے۔ لیگ کے منتظمین عالمی شہرت یافتہ سرفہرست ٹینس کھلاڑیوں کو دولت کے کے عوض اس ٹورنمنٹ میں شرکت کے لئے آمادہ کرنے کی کوشش کررہے ہیں۔اطلاعات کے مطابق عالمی نمبر ایک رافل نڈال کو فی میچ دس لاکھ امریکی ڈالرس کی پیشکش کی ہے یعنی نڈال ایک رات میں دو تا تین گھنٹے کے ایکشن میں 6 کروڑ 20 لاکھ روپے کے حقدار بن سکتے ہیں۔ لیگ کی تعارفی تقریب رواں ہفتہ دبئی میں ہوگی۔ بھوپاتی سرتوڑ کوشش کررہے ہیں کہ نوواک جوکووچ سے رابطہ ہوجائے اور وہ لیگ میں کھیلنے کیلئے تیار ہوجائیں لیکن جوکووچ اور امریکی نمبر ایک خاتون اسٹار سرینا ولیمس نے ابھی تک اس حوالے سے کوئی فیصلہ نہیں کیا ہے۔ شیڈول کے مطابق ٹورنمنٹ کے میچز 28نومبر اور 20 دسمبر کے درمیان ممبئی، بنکاک، کولاالمپور، سنگاپور اور ہانگ کانگ میں کھیلے جائیں گے۔کھلاڑیوں کی نیلامی اتوار کو دبئی میں ہوگی۔

لیگ کیلئے کئی بڑے پلیئرز نے دلچسپی ظاہر کی ہے تاہم افسانوی شہرت کے حامل سابق عالمی نمبر ایک راجر فیڈرر اور روس گلیمر کوئن ماریا شاراپوا نے دستیابی ظاہر کرنے میں دلچسپی نہیں لی ہے۔ کریر کے اس موڑ پر فیڈرر ٹورنمنٹس کے انتخاب میں بہت احتیاط سے کام لے رہے ہیں۔ برطانوی میڈیا کے مطابق نڈال نے ایونٹ میں شرکت پر رضامندی ظاہر کردی ہے جبکہ ومبلڈن چیمپین برطانیہ کے اینڈی مرے بھی منتظمین کے ساتھ رابطے میں ہیں۔ خواتین میں دو مرتبہ کی آسٹریلین اوپن چیمپین بیلاروس کی وکٹوریا آزارینکا، سابق عالمی نمبر ایک بیلجیم کی کیرولین وزنیاکی،پولینڈ سے تعلق رکھنے والی اگنسزکا راڈوانسکا جبکہ مردوں میں عالمی نمبر تین اسٹانسلس واؤرینکا، ٹاماس برڈیک اور رچرڈ گیسکٹ کے بارے میں کہا جارہا ہے کہ انہوں نے لیگ میں حصہ لینے کیلئے معاہدے پر دستخط کردیے ہیں۔ پریمیئر ٹینس لیگ کے فارمیٹ کے مطابق کریر میںکبھی بھی عالمی نمبر ایک مقام حاصل کرنے والے اور گرانڈ سلام خطاب کے فاتح کھلاڑی کو اختیار ہوگا کہ وہ اپنے حریف کا انتخاب کریں یا اپنی مرضی کے مطابق کسی بھی میچ میں شرکت سے معذرت کرلیں۔