ٹیم کو ایک سے زیادہ متبادل کھلاڑی دستیاب:شاستری

نئی دہلی۔15مئی (سیاست ڈاٹ کام ) ہندوستان کے کوچ روی شاستری نے کہا کہ ورلڈ کپ کے لیے ہندوستان کے پاس کافی کھلاڑی موجود ہیں جس سے واضح ہو گیا کہ حالات کے مطابق ٹیم طی کی جائے گی۔ وجے شنکر کے انتخاب پر غورکیا جا رہا تھا کہ تملناڈو کا آل رائونڈرچوتھے نمبر پر بیٹنگ کرے گا لیکن شاستری نے کہا کہ کسی بھی کھلاڑی کا مقام طے نہیں ہے۔ہماری ٹیم لچکدار ہے۔ضرورت کے مطابق طے ہوگا کہ کونسا کھلاڑی کہاں بیٹنگ کرے گا۔ ہمارے پاس بہت سے کھلاڑی ہیں جو چوتھے نمبر پر اتر سکتے ہیں۔مجھے اس کی فکر نہیں ہے۔انہوں نے کہاکہ ہمارے 15کھلاڑی کبھی بھی، کہیں بھی کھیل سکتے ہیں۔ اگر کوئی فاسٹ بولر زخمی ہوتا ہے تو اس کا متبادل بھی موجود ہے۔ آئی سی سی ورلڈ کپ 30 مئی سے 14 جولائی تک انگلینڈ میں کھیلا جائے گا لیکن اس سے قبل آل رائونڈرکیدار جادھو کو آئی پی ایل کے دوران کلائی میں چوٹ لگی جبکہ کلائی کے اسپنر کلدیپ یادو فارم میں نہیں ہیں لیکن کوچ نے کہا کہ وہ فکر مند نہیں ہیں۔جب ہم 22 تاریخ کو انگلینڈ جائیں گے تو دیکھیں گے کہ اس میں کون 15 کھلاڑی ہیں۔کیدار کو فریکچر نہیں ہوا ہے۔ہم انتظار کر رہے ہیں کیونکہ ابھی وقت ہے۔شاستری نے کہا کہ ورلڈ کپ کے لیے کوئی پہلے سے حکمت عملی نہیں بنا سکتا اور تیاری کے لیے چار سال کا وقت رہتا ہے۔