ٹیبل ٹینس اسٹار مونیکا بترا کو 2.20 کروڑ کا چیک

نئی دہلی، 30 ستمبر (سیاست ڈاٹ کام) دہلی کے وزیر اعلی اروند کجریوال نے انڈونیشیا میں منعقد ہوئے 18 ویں ایشیائی کھیلوں میں تمغے جیتنے والے کھلاڑیوں کو نوازا اور ٹیبل ٹینس اسٹار مونیکا بترا کو دولت مشترکہ اور ایشیائی کھیلوں کی کامیابیوں کیلئے کل 2.20 کروڑ روپے کا چیک پیش کیا۔وزیر اعلی نے ایشیائی کھیلوں کی ووشو مقابلہ میں کانسہ کا تمغہ جیتنے والے سنتوش جبکہ ٹیبل ٹینس میں کانسہ کا میڈل اپنے نام کرنے والی مونیکا بترا کو انعام سے نوازا۔اس موقع پر نائب وزیر اعلی منیش سسودیا، متعلقہ علاقے کے ممبر اسمبلی کے علاوہ بڑی تعداد میں مقامی لوگ بھی موجود تھے ۔میڈلسٹ دونوں کھلاڑیوں کو 50 لاکھ روپے کا چیک پیش کیا گیا۔دونوں کھلاڑیوں کے کوچوں کو بھی نوازا گیا اور انہیں چھ لاکھ روپے کے چیک پیش کئے گئے ۔منیکا بترا کے گولڈکوسٹ دولت مشترکہ کھیلوں میں طلائی تمغہ جیتنے پر بھی انہیں نوازا گیاتھا۔ منیکاکو مجموعی طور پر 2.20 کروڑ روپے کا چیک پیش کیا گیا۔ منیکا کے کوچ کو دولت مشترکہ کھیلوں کی کامیابی کے لئے چار لاکھ روپے کا اضافی چیک دیا گیا۔قابل غور ہے کہ وزیر اعلی اروند کجریوال نے حال ہی میں ایشیائی کھیلوں میں میڈل جیتنے والے کھلاڑیوں کو ملنے والی انعامی رقم کو بڑھائے جانے کا اعلان کیا تھا۔