ٹھہری ہوئی لاری کو کار کی ٹکر ،تین ہلاک ،ایک زخمی

شمس آباد کے موضع گلہ پلی میں آوٹر رنگ روڈ پر دلخراش منظر
شمس آباد ۔ 29 ۔ ستمبر : ( سیاست نیوز ) : شمس آباد کے موضع گلہ پلی میں آوٹر رنگ روڈ پر ٹھہری ہوئی لاری کو کار نے ٹکر دیدی جس کے نتیجہ میں تین ہلاک اور ایک لڑکی زخمی ہوگئی ۔ تفصیلات کے بموجب وجئے واڑہ سے مہیندرا XUV گاڑی نمبر AP16-CL-5252 آوٹر رنگ روڈ سے گچی باولی کی سمت جارہی تھی کہ شمس آباد کے موضع گلہ پلی میں آوٹر رنگ روڈ پر لاری نمبر KA56-0653 جو وجئے واڑہ سے گچی باولی جارہی تھی کہ راستہ میں ڈیزل ختم ہوگیا ۔ ڈرائیور سڑک کے کنارے لاری روک کر ڈیزل لانے گیا تھا کہ اسی وقت صبح 8-45 بجے کو مہیندرا کی گاڑی نے ٹھہری ہوئی لاری کو ٹکر دیدی گاڑی اتنی تیز تھی کہ آدھے سے زائد کار کا حصہ لاری کی زد میں آگیا جس کے نتیجہ میں کار میں سوار تین لوگ برسر موقع ہلاک ہوگئے اور ایک لڑکی شدید زخمی ہوگئی ۔ مہلوکین میں ناگا ساما لکشمی زوجہ سوریہ نارائنا سنٹرل اکسائز جوائنٹ کمشنر ، سندورا بیٹی جو ایم بی بی ایس طالب علم ، اے راجو مہیندر رشتہ دار برسر موقع ہلاک ہوگئے ۔ جب کہ راجو مہیندر کی بیٹی اپرنا شدید زخمی ہوگئی جسے خانگی دواخانہ منتقل کردیا گیا ۔ اطلاع ملتے ہی شمس آباد اے سی پی سدرشن ، رورل انسپکٹر اومامہیشور راؤ اور پولیس عملہ وہاں پہنچ گیا ۔ کرینوں کی مدد سے گاڑی کو باہر نکالا گیا اور نعشوں کو بغرض پوسٹ مارٹم دواخانہ منتقل کردیا گیا ۔ شمس آباد پولیس نے مقدمہ درج کرلیا ہے ۔۔