ٹوکیو میں اپارٹمنٹ کے فلیٹ سے 9 نعشیں ملیں، قاتل گرفتار

ٹوکیو۔31 اکتوبر (سیاست ڈاٹ کام) جاپانی پولیس کو ٹوکیو کے مضافاتی علاقہ میں واقع ایک عمارت کے فلیٹ سے 9 نعشیں ملی ہیں جن میں سے دو نعشوں کے سر غائب تھے۔ پولیس نے اس سلسلے میں میڈیا سے بات کرتے ہوئے کہا کہ 27 سالہ تاکا ہیرو شیرائشی کو گرفتار کرلیا جو اس اپارٹمنٹ کا ساکن پبلک براڈ کاسٹر این ایچ کے کے مطابق شیرائشی نے بعدازاں پولیس کو بتایا کہ اس نے تمام لوگوں کو ہلاک کیا ہے اور کچھ نعشوں کے ساتھ چھیڑ چھاڑ بھی کی ہے تاکہ ثبوتوں کو مٹایا جاسکے۔ دوسری طرف جی جی پریس نے بتایا کہ شیرائشی نے جو بیان پولیس کو دیا ہے، اس کے مطابق اس نے فلیٹ کے باتھ روم میں تمام نعشوں کے ٹکڑے کئے۔ اس کے کمرے میں ایک آری بھی پائی گئی۔ 8 نعشیں خواتین کی اور ایک نعش مرد کی ہے۔ جبکہ پولیس کی عمارت کے داخلی دروازہ کے قریب واقع ایک کول باکس سے دو سَر برآمد ہوئے اور اس کے فوری بعد دیگر نعشیں بھی یکے بعد دیگرے دریافت ہوئیں جو بڑے بڑے بکسوں میں رکھی گئی تھیں۔ حکام نے اس سلسلے میں ایک 23 سالہ خاتون کی گمشدگی کی تحقیقات شروع کردی ہے جس کے شیرائشی سے تعلقات تھے۔ سی سی ٹی وی فوٹیج کے ذریعہ بھی اس بات کا پتہ چلا ہے کہ شیرائشی اور مقتول خاتون گزشتہ ہفتہ ایک ساتھ چہل قدمی کے لئے نکلے تھے۔ مزید تحقیقات جاری ہیں۔