ٹوٹنہم فائنل میں داخل،یکم جون کو لیورپول سے مقابلہ

لندن ۔ 9 مئی (سیاست ڈاٹ کام ) یوئیفا چمپیئنز لیگ میں لیورپول کی بارسلونا کے خلاف کرشماتی کامیابی کے صرف 24 گھنٹے بعد دوسرے سیمی فائنل میں اس سے بھی زیادہ سنسنی خیز نتیجہ سامنے آیا جب انگلش کلب ٹوٹنہم ہاٹ سوپرز نے آئیکس کے خلاف واپسی کرتے ہوئے مجموعی طور پر 3-2 سے کامیابی حاصل کر کے فائنل میں جگہ بنا لی۔ ٹوٹنہم کے لوکاس مورا اپنی ٹیم کے مسیحا ثابت ہوئے جنھوں نے نہ صرف پہلے دو گول کر کے اپنی ٹیم کو جیت کی کرن دکھائی اور اس کے بعد کھیل ختم ہونے سے محض چند سیکنڈ قبل تیسرا گول کر کے اپنی ہیٹ ٹرک مکمل کی اور ٹیم کو جیت سے ہمکنار کروایا۔ اس سنسنی خیز کامیابی کے صلے میں ٹوٹنہم کی ٹیم یکم جون کو ہسپانوی شہر میڈرڈ کے وانڈا میٹروپولیٹانو میدان میں ہم وطن ٹیم لیورپول کا سامنا کرے گی۔ یہ 11 سال میں دوسرا موقع ہوگا جب دو برطانوی ٹیمیں یو سی ایل کا فائنل کھیلیں گی۔ اس سے قبل 2008 میں مانچسٹر یونائیٹڈ اور چیلسی کے درمیان ماسکو میں فائنل ہوا تھا جس میں یونائیٹڈ کی ٹیم نے کامیابی حاصل کی تھی۔ لیورپول کی ٹیم گذشتہ سال بھی فائنل تک پہنچی تھی جہاں انھیں رئیل میڈرڈ کے خلاف شکست ہوئی تھی۔ جب گذشتہ ہفتے ٹوٹنہم کے میدان پر دونوں ٹیموں نے سیمی فائنل کا پہلا مرحلہ کھیلا تھا تو آئیکس کی نوجوان ٹیم نے بہترین کھیل کا مظاہرہ کرتے ہوئے 1-0 سے جیت حاصل کی تھی۔اس موقع پر لگ رہا تھا کہ ایمسٹرڈیم میں اپنے مقامی میدان پر کھیلتے ہوئے فتح کا تاج دوبارہ انھی کے سر پر سجے گا۔ میچ شروع ہونے کے بعد پہلے ہاف کے آغاز پر کپتان ڈی لائیٹ نے پانچویں منٹ میں گول کر کے ٹیم کو سبقت دلا دی اور مجموعی طور پر 2-0 کی برتری حاصل کر لی۔ آدھے گھنٹے کے کھیل کے بعد ہشام ذکیہ نے دوسرا گول داغ دیا جس سے مجموعی برتری 3-0 ہو گئی اور محسوس ہو رہا تھا کہ ٹوٹینہم کا قصہ تمام ہو گیا ہے۔ لیکن دوسرے ہاف کے شروع ہوتے ہی برطانوی ٹیم نے تابڑ توڑ حملے شروع کیے اورچار منٹ کے وقفے سے دو گول کر کے نہ صرف میچ میں برابری حاصل کر لی بلکہ مجموعی طور پر اسکور 2-3 کر دیا۔ کھیل کے آخری 25 منٹ میں دونوں ٹیموں کی جانب سے انتہائی مسحورکن کھیل دیکھنے میں آیا اور بھرپور جارحانہ کھیل کا مظاہرہ کیا گیا۔ یکے بعد دیگرے حملوں کے باوجود گول نہ ہونے کی صورت میں لگا کہ شاید آئیکس کے کم عمر کھلاڑیوں پر مبنی ٹیم 1995 کے بعد پہلی بار یو سی ایل کا فائنل کھیل سکے گی لیکن لوکاس مورا نے ان خواب پر پانی پھیر دیا۔ کھیل ختم ہونے سے محض 20 سیکنڈ پہلے انھوں نے 16 گز کے فاصلے سے بائیں پیر سے کک لگائی اور اپنا نام ٹوٹنہم کی تاریخ میں امر کر لیا۔ اس کامیابی کی مزید خاص بات یہ تھی کہ ٹوٹنہم کے مرکزی کھلاڑی ہیری کین زخمی ہونے کے باعث میچ میں شرکت نہیں کر رہے تھے۔ جیت کے بعد برطانوی ٹیم کے مینیجر ماریشیو پوچیٹینو اپنے جذبات پر قابو نہ رکھ سکے اور خوشی کے آنسو بہاتے ہوئے دیکھے گئے۔