ٹولی چوکی میں برقی شاک سے ایک شخص کی موت

حیدرآباد 3 جنوری (سیاست نیوز )ٹولی چوکی کے علاقہ راگھو کالونی میں ایک نوجوان برقی شاک کی زد میں آکر ہلاک ہوگیا ۔ بتایا جاتا ہے کہ محکمہ ٹرانسکو کے اے ای کی مجرمانہ غفلت اور مبینہ لاپرواہی کے سبب 28 سالہ منصور بن حمید ہلاک ہوگیا ۔ اس واقعہ کے بعد مقامی افراد اور برقی کے عارضی ملازمین نے اپنی برہمی کا اظہار کیا ۔ انسپکٹر گولگنڈہ سید نعیم الدین جاوید نے بتایا کہ موتی محل قلعہ گولکنڈہ کا ساکن منصور بن حمید اے پی سی پی ڈی سی ایل میں عارضی ملازم تھا ۔ ایک شکایت پر منصور اور اس کا ساتھی ملازم سرینواس راگھو کالونی پہونچے تھے ۔ انہیں شکایت حاصل ہوئی تھی برقی ہائی ٹنشن تار کو پی وی سی کے ذریعہ محفوظ کرنا ہے ۔

اس شکایت کے بعد انہوں نے متعلقہ اے ای سے ربط قائم کیا اور اے ای کی اجازت سے شکایت دور کرنے کیلئے گئے اور اے ای نے انہیں اس بات کا یقین دلایا تھا کہ جس لائن پر وہ کام کررہے ہیں اس لائن کا فیڈر بند کردیا جائے گا اور اے ای کے اطمینان اور یقین دہانی کے بعد منصور بن حمید برقی پول پر چڑھ گیا تاہم اس میں برقی موجود تھی جو 11kv3کی ہائی ٹنشن لائن ہے ۔ منصور اس خطرناک ہائی ٹنشن کی زد میں آکر ہلاک ہوگیا ۔ گولکنڈہ پولیس نے اے ای اور سب اسٹیشن کے ذمہ داروں کے خلاف مقدمہ درج کرلیا ہے اور پولیس کو ان کی تلاش جاری ہے ۔